اسلام آباد (رانامسعودحسین، ایوب ناصر، پرویز شوکت) عدالت عظمیٰ نے’’ ملک کی بااثر سیاسی و کاروباری شخصیات کی جانب سے جعلی بینک اکائونٹوں کے ذریعے اربوں روپئے کی منی لانڈرنگ کرنے ‘‘سے متعلق فوجداری مقدمات کی تفتیش میں ایف آئی اے حکام کی جانب سے مجرمانہ سستی و لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے کیخلاف ازخود نوٹس کیس کی اتوار کے روز کی سماعت کا تحریری فیصلہ میڈیا کو جاری کردیا ہے۔جسکے مطابق فاضل عدالت نے آئندہ سماعت پرپاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر پاکستان ،آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ و سابق رکن قومی اسمبلی، فریال تالپور سمیت36مسول علیہان اور14نامزد ملزمان کو آئندہ سماعت پر اسی حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت 6مقدمات کے ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے۔ فاضل عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ کو ان50افراد /کمپنیوں کے مالکان کے نام ای سی ایل پر چڑھانے کا حکم بھی جاری کیا ہے اور چیئرمین نیب، چیئرمین ایس ای سی پی اور چیئرمین ایف بی آر کو بھی نوٹسز جاری کر دیا ہے، عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ 7 ؍افرادیاکمپنیوں کے نام پر جعلی اکائونٹ کھولے گئے، عدالت نے چیئرمین نیب،ایس ای سی پی اور چیئرمین ایف بی آر کو بھی نوٹسز جاری دیا ہے اورآئی جی سندھ کو ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ بعدازاں عدالت میںکیس کی مزید سماعت جمعرات12 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔ ادھر ڈی جی ایف آئی کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نےعدالتی حکم کی روشنی میں ان افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے ہیں۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کا ہنگامی اجلاس آج لاہور میں طلب کر لیا ہے جس میں نیب اور ایف آئی اے کی کارروائیوں کا جائزہ لیا جائیگا۔ فاضل عدالت کی جانب سے پیر کے روز جاری کئے گئے تحریری حکم کے مطابق اتوار 8جولائی کو ہونے والی سماعت کے دوران ڈی جی ایف آئی اے،بشیر میمن ، اٹارنی جنرل خالد جاوید اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر عباس رضوی عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے جعلی اکائونٹس کھلوا کر مبینہ منی لانڈرنگ کر کے اربوں روپے کا فائدہ اٹھانے والے افراد اور کمپنیوں سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق جن7 افراد یا کمپنیوں کے نام پر جعلی اکائونٹس کھولے گئے ان میں طارق سلطان ولد سلطان احمد(اے ون انٹرنیشنل)،ارم عقیل زوجہ و محمد عقیل (ابراہیم لنکرز)،محمد اشرف ولد عبدالستار(لاجیسٹک ٹریڈنگ)،محمد اقبال ارائیں(اقبال میٹلز)،محمد عمیر (عمیر ایسوسی ایٹس) عدنان جاوید (لکی انٹرنیشنل) اور قاسم علی (رائل انٹرنیشنل) کے نام شامل ہیں۔جن 15 افراد یا کمپنیوں نے ان اکائونٹس میں رقم جمع کروائی ہے ان میں زین ، میسرز سجاول ایگرو فارم پرائیویٹ لمیٹڈ،میسرز ٹنڈوالہ یار شوگر ملز پرائیویٹ لمیٹڈ، میسرز اومنی پرائیویٹ لمیٹڈ، میسرز ایگرو فارم ٹھٹھہ پرائیویٹ لمیٹڈ ، الفازلو کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ،حاجی مرید اکبر (ٹھیکیدار کی جانب سے بینکر)،میسرز شیر محمد مگری اینڈ کمپنی(ٹھیکیدار) ،میسرز سردار محمد اشرف بلوچ پرائیویٹ لمیٹڈ(ٹھیکیدار)، میسرز اے ون انٹرنیشنل(ایس ٹی آر میں اکائونٹ بیان کیا گیا ہے)،میسرز لکی انٹرنیشنل (ایس ٹی آر میں اکائونٹ بیان کیا گیا ہے) میسرز لاجسٹک ٹریڈنگ (ایس ٹی آر میں اکائونٹ بیان کیا گیا ہے)،میسرزاقبال میٹلز (ایس ٹی آر میں اکائونٹ بیان کیا گیا ہے، میسرزرائل انٹرنیشنل (ایس ٹی آر میں اکائونٹ بیان کیا گیا ہے) اورمیسرزعمیر ایسوسی ایٹس (ایس ٹی آر میں اکائونٹ بیان کیا گیا ہے) شامل ہیں،جن 13 افراد یا کمپنیوں نے ان اکائونٹس سے فائدہ اٹھایا ہے ان میں ناصر عبداللہ لوٹھا ،چیئرمین سمٹ بنک ،میسرز انصاری شوگر ملز پرائیویٹ لمیٹڈ(انور مجید، علی کمال مجید)،اومنی پولیمر پیکیجزپرائیویٹ لمیٹڈ(عبدالغنی مجید، علی کمال مجید)،میسرز پاک ایتھنول پرائیویٹ لمیٹڈ(مصطفی ذوالقرنین مجید، عبدالغنی مجید)، میسرزچیمبر شوگر ملز پرائیوٹ لمیٹڈ(انور مجید، نمر مجید)، میسرز ایگرو فارم ٹھٹھہ پرائیویٹ لمیٹڈ (انور مجید، نازلی مجید)، میسرز زرداری گروپ پرائیوٹ لمیٹڈ(آصف علی زرداری، فریال تالپور)،میسرز پیرتھی نون پرائیویٹ لمیٹڈ (اقبال خان نوری)،میسرزااے ون انٹرنیشنل (ایس ٹی آر میں اکائونٹ بیان کیا گیا ہے) ، میسرز لکی انٹرنیشنل (ایس ٹی آر میں اکانٹ بیان کیا گیا ہے)،لاجسٹک ٹریڈنگ (ایس ٹی آر میں اکانٹ بیان کیا گیا ہے) ، میسرزرائل انٹرنیشنل (ایس ٹی آر میں اکانٹ بیان کیا گیا ہے)، عمیر ایسوسی ایٹس (ایس ٹی آر میں اکائونٹ بیان کیا گیا ہے) کے نام شامل ہیں۔جن 14افراد کے خلاف فوجداری مقدمات (ایف آئی آرز ) درج کئے گئے ہیں ان میں انور مجید،عبدالغنی مجید،اسلم مسعود،عارف خان،مسز نورین سلطان،مسز کرن امان،نصیر عبداللہ لوٹھاہ، محمد اقبال خان نوری، محمد اشرف ایس ولد عبدالستار، محمد اقبال ارائیں، محمد عمیر ولد محمد یاسین،عدنان جاوید ولد جاوید احمد،قاسم علی ولداحمد اوراعظم وزیر خان شامل ہیں۔ فاضل عدالت نے مذکورہ بالا تمام افراد اور کمپنیوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالت میں ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔فاضل عدالت نے وزارت داخلہ کو ان سب کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کا حکم جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ یہ افرادیا کمپنیوں کے مالکان اس کیس کی تحقیقات مکمل ہونے یا عدالت کی جانب سے پیشگی اجازت سے قبل پاکستان کی حدود سے باہر نہیں جاسکتے ہیں۔ عدالت نے یو بی ایل بنک ، سمٹ بنک اور سندھ بنک کے صدور /سی ای اوز (بشمول وہ ملزمان جوکہ اس وقت ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں) کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔فاضل عدالت نے اپنے حکم میں ان معاملات سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت مقدمہ ہائے نمبر 1. CP No.2596 of 2018، 2. CP No.2733 of 2018، 3. CP No.2734 of 2018، 4. CP No.3302 of 2018، 5. CP No.D-2496 of 2018،6. CP No.D-900 of 2018 کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ فاضل عدالت نے سمٹ بنک کی جانب سے سٹیٹ بنک کو ایکوٹی کے طور پرجمع کروائے گئے 7ارب روپے کے اکائونٹ کو منجمد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالت کے پیشگی حکم کے بغیر اس میں سے رقم نہیں نکلوائی جاسکے گی۔فاضل عدالت نے آئی جی سندھ کو آئندہ سماعت پر مذکورہ بالا تمام افراد اور کمپنیوں کے نمائندوں اور ملزمان کی پیشی کو یقینی بنانے کا حکم جاری کیا ہے جبکہ چیئرمین نیب، چیئرمین ایس ای سی پی اور چیئرمین ایف بی آر کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت جمعرات 12جولائی تک ملتوی کردی ہے۔ دریں اثناء ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ان 35افراد کے نام ابتدائی طور پر 30دن کیلئے عبوری قومی شناخت فہرست میں شامل کئے گئے تھے۔بعد ازاں اس میں تبدیلی کرتے ہوئے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے گئے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے عدالتی حکم کی روشنی میں اقدامات کرتے ہوئے ان افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری اور شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور پیپلز پارٹی کے بعض رہنمائوں اور انتخا با ت میں حصہ لینےوالے بعض امیدواروں کیخلاف نیب اور ایف آئی اےکی کارروائیوں کا جائزہ لینے اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی طے کرنے کی لئے لاہور میں ہنگامی اجلا س طلب کر لیا۔ اجلا س میں بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ پارٹی کے دیگر اہم رہنما شرکت کرینگے اور صورتحال کا جائزہ لے کر حکمت عملی طے کریں گے۔