لاہور، راولپنڈی (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) احتساب عدالت نے پنڈی سے لیگی امیدوار قمر الاسلام کا پھر 14 روزہ ریمانڈ منظور کر لیا ہے جبکہ نیب نے پرویز مشرف، اہلیہ، بیٹی، بیٹا، داماد، مونس الٰہی اور علیم خان کو طلب کر لیا۔ سابق وزیر تنویر اسلم سے نیب لاہورمیں صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں پوچھ گچھ ہوئی ہے، تنویر اسلم نے سوالات کے جوابات کیلئے ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی ہے۔ احتساب عدالت میں کرپشن کیس میں پیش نہ ہونے پر مفتاح اسماعیل کو گرفتار کرنے کی تنبیہ کر دی گئی ہے۔ جبکہ غیر قانونی بھرتی ریفرنس میں آصف ہاشمی آج عدالت میں پیش ہونگے ۔ تفصیلات کے مطابق نیب حکام نے صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ(ن) کے رہنما قمر الاسلام اور سابق سی ای او وسیم اجمل کو 14 روز کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور میں پیش کر دیا ۔ احتساب عدالت لاہور کے جج نجم الحسن نے قمر الاسلام اور وسیم اجمل کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے ملزمان کو دوبارہ نیب کے حوالے کردیا ۔ احتساب عدالت نے نیب کے قبضہ میں قمرالاسلام کا موبائل فون انہیں واپس کرنے کی استدعا منظور کرکے انہیں سپرداری پر دینے کی ہدایت کی ، عدالت نے قمر الاسلام کو چیک بک ایشو کروانے کی بھی اجازت دے دی،قمر الاسلام راولپنڈی سے قومی اسمبلی کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدوار بھی ہیں۔ نیب آفس راولپنڈی نے بدعنوانی اور آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں پرویز مشرف کے بچوں اور داماد کو کل طلب کرلیا جبکہ پرویز مشرف اور انکی اہلیہ صہبا مشرف کو پہلے ہی آج کیلئے طلب کیا جاچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے سابق صدر جنرل ( ر ) پرویز مشرف کے بیٹے بلال ، بیٹی عائلہ اور داماد عاصم کو آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر راولپنڈی آفس میں طلب کرلیا ہے، طلبی کے سمن نیب راولپنڈی کے تفتیشی افسر ملک زبیر کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف ، ان کی اہلیہ صہبا مشرف ، بیٹی عائلہ ، بیٹے بلال مشرف اور سابق صدر کے داماد عاصم کو آمدن سے زائد اثاثوں پر طلب کیا گیا ہے اس کے علاوہ پرویز مشرف پر بدعنوانی کے الزامات بھی ہیں لہذا پرویز مشرف اور ان کی اہلیہ صہبا مشرف ( آج ) جبکہ بیٹے بلال ، بیٹی عائلہ اور داماد عاصم کل کو اپنی پیشی یقینی بنائیں ،یہاں بات قابل ذکر ہے کہ کرنل ( ر ) انعام الرحیم نے نیب میں درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف اور ان کی فیملی کے اثاثے آمدن سے زائد ہیں اور وہ بدعنوانی میں ملوث ہیں جس کا نیب فوری نوٹس لے ۔نیب نے تحریک انصاف کے سینئر رہنماء علیم خان کو آج صبح 11 بجے طلب کر لیا جبکہ پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنماء مونس الہٰی کو 13 جولائی کو طلب کر لیا۔ نیب ذرائع کے مطابق، دونوں رہنماؤں کی جانب سے نیب کو کچھ اہم ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا، نیب کو علیم خان اور انکی اہلیہ کرن علیم خان سے متعلق دیگر اہم ریکارڈ مختلف ذرائع سے مل گیا ہے، نیب علیم خان کی ہیکسم کمپنی سےمتعلق بھی تحقیقات کر رہا ہے، نیب کی جانب سے علیم خان اور مونس الہٰی سے کمپنی میں فنڈز کی منتقلی، آف شور کمپنیاں بنانے کی وجوہات سمیت کئی سوالات کے جوابات مانگے گئے تھے جو تاحال نہیں بھجوائے گئے۔