• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کھیرے کا ماسک لگائیں

فرح جبیں

 چہرے کی نرم وملائم جلد آپ کی دلکشی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔حسن و خوبصورتی کے حصول کے لیے کھیرا ایک عمدہ اور بہترین قدرتی شے ہے۔ کھیرے کو کھایا جائے یا چہرے پر ماسک کی صورت میں لگایا جائے۔ ہر طرح سے یہ انسان کے لیے فائدہ مند ہے۔کھیرے کے انسانی صحت پر کیا اثرات ہوتے ہیں اس بارے میں آپ نے کافی باتیں سنی ہوں گی، لیکن کھیرے کو بطور حسن وخوبصورتی استعمال کرنے کے بارے میں شاید کم ہی سے سنا ہو۔ کھیرے میں موجود اجزاء آپ کی جلد کو نرم وملائم ، بے داغ اور خوبصورت بنا کر ٹھنڈک کا احساس دیتے ہیں۔کھیرانہ صرف سورج کی تپش سے جھلسی ہوئی جلد کو ٹھیک کردیتا ہے بلکہ اسے تروتازہ اور صاف و شفاف بناتا ہے۔ کھیرا آنکھوں کے لیے بہت مفید ہے۔ آنکھوں کی سوجن، تھکاوٹ اور سیاہ حلقوں کو کم کرنے میں بہت عمدگی سے کام دکھاتا ہے۔

کھیرے کو آنکھوں پر آئی پیڈ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، آنکھوں پر اس کے سلائس رکھیں اور آرام سے لیٹ جائیں۔ دس سے بیس منٹ تک سکون سے لیٹی رہیں۔ اس طرح حیرت انگیز طور پر آپ کی آنکھیں فریش ہو جائیں گی۔

کھیرے کے اندر پانی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جو آپ کی جلد میں قدرتی نمی کو برقرار رکھتی ہے ۔کھیرا جلد کی صفائی کرتا ہے اور داغ دھبے دور کرکے ،چہرے کوجاذبِ نظر اور پرکشش بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔علاوہ ازیں جھریوں اور سوزش کے خاتمے کا سبب بھی بنتا ہے۔

……کھیرے کا ماسک ……

کھیرے کا ماسک جلد کو نرم و ملائم اور بے داغ بناتا ہے جبکہ اس کا جوس جلد کے لیے بہت مفید ہے۔

پہلا طریقہ:

چار پانچ تازہ پودینہ کے پتوں کو بلینڈ کر لیں اور ایک کھیرے کو چھیل لیں اور اس کے بیج نکال دیں، پودینہ کے پسے پتے اور کھیرے کو بلینڈ کر کے پیوری سی بنا لیں۔ انڈے کی سفیدی پھینٹ لیں اب انڈے کی سفیدی میں کھیرے کی پیوری مکس کر لیں، اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں اور بیس منٹ کے لیے سکون سے لیٹ جائیں، پھر سادہ پانی سے چہرہ دھو لیں اور ہوا میں خشک ہونے دیں۔

یہ عمل ہفتے میں دو سے تین مرتبہ کرنے سے آپ کی جلد نرم و ملائم اور خوبصورت ہو جائے گی۔ اور چہرے سے تمام داغ دھبے ختم ہو جائیں۔

دوسرا طریقہ:

دو عدد کھیرے لیں اور ان کو بغیر چھیلے سلائس کی شکل میں کاٹ لیں، آدھا گلاس ملک کریم لیں، ایک چمچ او لیو آئل، ایک چمچ شہد اور ایک چمچ ملتانی مٹی لیں، ان تمام اشیاء کو بلینڈر میں مکس کر لیں پھر فریج میں اسے رکھ کر تیس منٹ تک ٹھنڈا ہونے دیں۔اس دوران چہرے اور گردن کو لیمن سے صاف کریں۔ اسے خشک ہونے سے قبل ہی کھیرے کا ماسک گردن اور چہرے پر لگائیں۔ اب ہوا میں خشک ہونے دیں، پھر ملک کریم یا بالائی لگا کر صاف کر کے اتار لیں۔اور سادہ پانی سے چہرہ اور گردن دھو لیں۔

تیسرا طریقہ:

کھیرے کو بلینڈ کریں اور اسے چہرے ، گردن اور آنکھوں پر لگالیں۔ پندرہ سے بیس منٹ کے لیے لگا رہنے دیں۔ اس طریقے کے مسلسل استعمال سے جلد چند دنوں میں ہی دانوں ، بلیک ہیڈز، جھریوں اور خشکی سے نجات حاصل کر لیتی ہے۔

چوتھا طریقہ:

ایک چائے کا چمچ دودھ، ایک چائے کا چمچ کھیرے کا رس اور پانچ قطرے عرق گلاب مکس کریں اور چہرے اور گردن پر لگا لیں، پندرہ منٹ بعد اسے صاف کر دیں۔ یہ نہایت شاندار وائٹنر ہے، جسے آپ وقتاً فوقتاً اپنے چہرے پر لگا سکتی ہے۔

حساس جلد کے لیے کھیرے کااستعمال

حساس جلد والی خواتین اپنے چہرے کی جلد کو تروتازہ اور شاداب رکھنے کے لیے کیا کیا جتن نہیں کرتیں ، مہنگے لوشن استعمال کرتی ہیں تاکہ کسی قسم کا سائیڈایفیکٹ بھی نہ ہو اور وہ خوبصورت چہرے کی مالک بھی بن جائیں،لیکن پھر بھی ان کی مرضی کے نتائج حاصل نہیں ہوتے ،کیونکہ حساس جلد دوسری طرز کی جلدوں کی نسبت انتہائی نازک ہوتی ہے اس لیے کسی بھی قسم کے کاسمیٹکس کے استعمال سے اس جلد پرالرجی وغیرہ کے مسائل سامنے آتے ہیں ۔

انڈے کی سفیدی کو ایک پیالے میں ڈال کر پھینٹیں کہ اس کے اوپرجھاگ سی بن جائے۔ اب اس میں ایک چمچ شہداور ایک چمچ تازہ دہی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ جب یہ سب اچھی طرح سے مکس ہو جائے تو اس میں ایک چمچ کھیرے کا رس شامل کریں اورسب چیزوں کو یکجان کر لیں۔اب چہرہ دھو لیں اور اس پر یہ ماسک لگائیں اور تقریباً15منٹ تک لگا رہنے دیں جب محسوس ہو کہ ماسک خشک ہو گیا ہے تو نیم گرم پانی کے ساتھ چہرے کو دھو لیں۔

تازہ ترین