کراچی (نیوز ڈیسک) فرانس نے دو ورلڈ کپ سمیت تین بڑے ٹورنامنٹس میں بلجیم کو ہرایا۔ دوسری جانب بلجیم تین دوستانہ میچوں میں ناقابل شکست رہا۔ ایک جیتا، دو برابر کھیلے۔ جون 2015میں فرانس کو فلینی کے دو گول کے ذریعے4-3 گول سے ہرایا۔ فرانس کا یہ چھٹا ورلڈ کپ سیمی فائنل ہے۔ ورلڈ کپ اور یورپین چیمپئن شپ کے 6ناک آئوٹ میچوں میں انٹوئن گریز مین نے7گول کئے۔ بیلجیم کو اپنے گزشتہ صرف ایک ورلڈ کپ سیمی فائنل میں1986میں ارجنٹائن کے ہاتھوں شکست ہوئی جب ورلڈ کپ ارجنٹائن نے جیتا تھا۔ بلجیم1980کی یورپین چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچا تھا جہاں اسے مغربی جرمنی کے ہاتھوں ہی شکست ہوئی تھی۔ بلجیم اپنے گزشتہ24 میچوں سے ناقابل شکست چلا آرہا ہے۔ 19 جیتے، 5 برابر رہے جب کہ گزشتہ7 میچوں میں مسلسل کامیابی حاصل کی۔ بلجیم نے رواں ورلڈ کپ کے8میچوں میں14 گول کئے ہیں جو 2002 کے بعد ریکارڈ تعداد ہے۔ اون گول کو نکال کر بلجیم کے9 مختلف گول اسکوررز رہے۔ ہیڈ کوچ رابرٹو مارٹینیز کا زیادہ تر انحصار رومیلو لوکاکو اور کیون ڈی برائن پر ہوگا ۔ فرانسیسی دفاعی کھلاڑی رافیل ورانے کے مطابق لوکاکو جسمانی طور پر بے حد مضبوط ہے لیکن اس کے لئے فرانسیسی ٹیم کوئی گنجائش نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایڈن ہزارڈ بھی ایک مشکل کھلاڑی ہے اسے بھی روکنے کے لئے سر توڑ کوششیں کرنی ہوں گی۔ بلجیم کے کیون ڈی برائن کا کہنا ہے کہ جب آپ ورلڈ کپ جیسے ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ جاتے ہیں تو کوئی بھی حریف ٹیم پھر آسان نہیں ہوتی۔