لندن ( جنگ نیوز) سابق بھارتی کرکٹ اسٹار سچن ٹنڈولکر اور سوئٹزرلینڈ کے ٹینس لیجنڈ راجر فیڈرر کے درمیان کافی اچھی دوستی ہے۔ دونوں کئی بار ملاقات کرچکے ہیں۔ فیڈرر شاید ٹنڈولکر سے زیادہ متاثر ہوگئے ہیں اسی لیے انہوں نے ٹینس کورٹ میں کسی کہنہ مشق بیٹسمین کی طرح فارورڈ دفاعی اسٹروک کھیل کر شائقین کو حیران کردیا۔ فیڈرر نے حریف کھلاڑی کی جانب سے پھینکی گئی گیند پر لیفٹ ہینڈر بیٹسمین کی طرح اسے ریکٹ کے مڈل سے کھیلا۔ اس ایک اسٹروک پر وہ ٹیسٹ رینکنگ کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے، ومبلڈن کے چوتھے رائونڈ میں کھیلے گئے شاٹ کی مختصر ویڈیو جاری ہوتے ہی ٹنڈولکر سمیت متعدد کرکٹرز نے ان کے دفاعی انداز کی تعریف کی اور ان کے کرکٹ رینکنگ کے حوالے سے تبصرے کئے، تھوڑی دیر بعد آئی سی سی سوشل میڈیا کی جانب سے انہیں ٹیسٹ رینکنگ کا نمبر ون پلیئر ظاہر کیا گیا۔