کوئٹہ ( آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کی جانب سے بیرسٹر ہارون بلور اور کارکنوں کی شہادت کے واقعہ کے خلاف بدھ کے روز کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس کی قیادت اے این پی ضلع کوئٹہ کے صدر ملک ابراہیم کاسی ،رشید خان ناصر ،ملک انعام کاکڑ،خلیل آغا ،ناصر میانی ،محمدنور لوؤن اور گل صدام بازئی کررہے تھے ۔مظاہرین نے خیبرپختونخوا حکومت اور دہشت گردی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کو ایک مرتبہ پھر الیکشن مہم سے روکنے کیلئے دہشت گردانہ کارروائیوں کا سلسلہ شروع کردیاگیا۔ 2013ء کے عام انتخابات میں پارٹی کے سینئر رہنماء بشیراحمد بلور سمیت درجنوں کارکنوں اور عہدیداروں کو ٹارگٹ کیا گیا بلکہ اس وقت الیکشن مہم کو سبوتاژ کرنے کیلئے ہر طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے گئے اب ایک مرتبہ بشیر بلور کے صاحبزادے بیرسٹر ہارون بلور اور پارٹی کارکنوں کو ٹارگٹ کیاگیا،حکومت اور انتظامیہ تمام تر صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی جس کی ہم مذمت کرتے ہیں انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت فوری طور پر ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائے اور اے این پی کے قائدین اور کارکنوں کو تحفظ فراہم کرے ۔