• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام امیدوار الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں، کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ (خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے حوالے سے تمام امیدواران الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں ۔امیدوار پوسٹرز،بینرز ،بل بورڈ ز اور پمفلٹ مقررہ سائز کے مطابق لگائیں جبکہ خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ امیدوار کیخلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے شو کاز نوٹس جاری کرنے کے علاوہ اس کی اہلیت کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ قانون نافذکرنے والے اداروں سے ملکر امیدواروں اور عوام کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور فول پروف انتظامات کر رہی ہے تاکہ انتخابی سرگرمیاں پر امن اور احسن طریقے سے انجام پذیر ہو سکیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرانے کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے نمائندگا ن اور امیدواران سے اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)طاہر ظفر عباسی ، ایس ایس پی آپریشن نصیب اللہ کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداران اور نمائندگان بھی موجود تھے ۔اجلاس میں سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ عام انتخابات کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔امیدواران سیکیو رٹی انتظامات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذکر نے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔تمام سیاسی جماعتیں اور امیدواران انتخابی سرگرمیوں کے دوران احتیاطی تدابیرپر سختی سے عمل پیرا ہوں،جبکہ جلسے جلوس اور ریلیاں نکالنے سے قبل ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینا لازمی ہوگئی ،اس سلسلے میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکورٹی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اور حفاظتی اقدامات کا مقصد امیدواران اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے حوالے سے بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے ،وال چاکنگ پر مکمل پابندی عائد ہے لہذا تمام سیاسی جماعتیں وال چاکنگ سے اجتناب کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ،مقررہ جاری کردہ بینرز کے سائز کی خلاف ورزی اور شہر کے درودیوار پر پوسٹرز چسپا ں کرنے والوں کیخلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں ضابطہ اخلاق کو یقینی بناتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔
تازہ ترین