لاہور (ایجنسیاں‘جنگ نیوز)ایون فیلڈریفرنس میں سزا پانے والے مسلم لیگ (ن)کے قائد اورسابق وزیر اعظم میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کولندن سے وطن واپسی کے بعد لاہورایئرپورٹ پر قومی احتساب بیورو(نیب)کی ٹیم نے حراست میں لے لیا جہاں سے انہیں خصوصی پروازکے ذریعے اسلام آباد پہنچادیا گیاجس کے بعد دونوں کو الگ الگ اسکواڈ میں اڈیالہ جیل منتقل کردیاگیا‘ذرائع کے مطابق مریم نواز کو طبی معائنے کے بعد سہالہ ریسٹ ہاؤس لایا جائے گا۔ قبل ازیں دونوں ملزمان کیلئے سہالہ ریسٹ ہاؤس کو سب جیل قراردیاگیاتھا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگیاتھا۔ تفصیلات کے مطابق نوازشریف اورمریم نوازنجی ایئرلائن کی پروازنمبر EY243کے ذریعے لندن سے براستہ ابوظہبی ، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے،پہلے یہ پرواز شام سوا 6 بجے لاہور پہنچنی تھی، تاہم تاخیر کے باعث نواز شریف اور مریم نواز تقریباً رات پونے 9 بجے لاہور پہنچے۔طیارے کے اترتے ہی 3 خواتین اہلکاروں سمیت نیب کی 16 رکنی ٹیم نے قانونی کارروائی شروع کردی‘ان کے ہمراہ رینجرز اہلکار بھی تھے ۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے 3 اہلکار بھی جہاز کے اندر پہنچے اور نواز شریف اور مریم نواز کے پاسپورٹس تحویل میں لے کر ان کی امیگریشن جہاز کے اندر ہی کر لی گئی ‘تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں کو سکیورٹی اہلکاروں کے حصار میں حراست میں لے لیا گیا جس کے بعد خصوصی طیارہ انہیں لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف روانہ ہوا۔ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد نوازشریف نے گاڑی میں بیٹھنے سے انکار کردیا اور پیدل ٹرمینل گئے ‘خصوصی چارٹرڈ طیارہ تقریباً 45 منٹ کی پرواز کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کو لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا، جہاں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی بھی موجود تھے۔ بعد ازاں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے، جہاں نیب کی پراسیکیوشن ٹیم نے ان سے نواز شریف اور مریم نواز کے روبکار جاری کرنے کی استدعا کی۔احتساب عدالت نے دونوں کی جیل منتقلی کے لیے روبکار جاری کر دیئے اور مجسٹریٹ مقرر کردیا۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کے باعث مجرموں کو عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا گیا۔نیو اسلام آباد ایئر پورٹ سے نواز شریف اور مریم نواز کو 40سے زائد گاڑیوں کے سکیورٹی اسکواڈ میں براستہ زیرو پوائنٹ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔جہاں دونوں رہنماؤں کاطبی معائنہ کیا گیا،مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد نے سہالہ پولیس ٹریننگ کالج ریسٹ ہاؤس کو اگلے احکامات تک سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نواز شریف اور مریم نواز کو آج (ہفتہ کو ) احتساب عدالت میں پیش کر کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروائے جانے اور واپس جیل بھیجنے کا امکان ہے ۔