مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کا ٹرائل جیل کرنے کو انصاف کی دھجیاں اڑانے کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام قانون اور آئین سے متصادم ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا کہ نگراں حکومت نے ن لیگ کے سیکڑوں کا رکنوں اور رہنما گرفتار کیے ۔
ان کا کہناتھاکہ کل نواز شریف کی آمد کے موقع پر پورا لاہور سڑکوں پر تھا، انہیں لایا نہیں گیا تھا بلکہ وہ خود آئے تھے ،کل کی ریلی میں آنے والوں کا انتہائی مشکور ہوں۔
شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اپنے وعدے کو پورا کیا، ریلی کے تمام شرکاء مکمل طور پر پر امن تھے، پولیس نے پر امن شہریوں پر ڈنڈے چلائے اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، پولیس کے رویے سے لوگوں میں اشتعال پھیلا۔
ن لیگی صدر نے یہ بھی کہا کہ مجھ سمیت پارتی کی سینئر قیادت کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی ،جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیںجبکہ کل کی ریلی پرامن تھی جس میں ایک گملا تک نہیں ٹوٹا۔