بھارتی اداکارہ سونالی بیندرے کے حوالے سے کچھ روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔ سونالی کے اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ بھرپور ساتھ نبھا رہے ہیں۔
سونالی سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو اپنےمرض سے متعلق آگاہ کرتی رہتی ہیں جبکہ ان کا 12 سالہ بیٹا ان کی بیماری سے بے خبر تھا۔ تاہم اب سونالی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو بیماری کی خبر کیسے سنائی۔
سونالی بیندرے نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اور ان کا بیٹا’رنویر‘ موجود ہیں۔ انہوں نے اس پوسٹ کی مدد سے رنویر کو بتایا کہ وہ کینسر جیسے خطرناک مرض کا شکار ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ان کے لیے بیٹے کو اپنی بیماری کی خبرسنانا کتنا مشکل تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے اپنے بیٹے کے ساتھ تصویر شیئر کرتے لکھا کہ ’12 سال 11 ماہ اور 8 دن قبل وہ اس دنیا میں آیا، تو ان کی مکمل توجہ کا مرکز بن گیا، جب انہیں اپنے کینسر کا معلوم ہوا تو سب سے بڑی مشکل یہ تھی کہ اپنے بیٹے کو کینسر کے بارے میں کیا اور کیسے بتایا جائے۔‘
انہوں نے لکھا کہ’ رنویرسے جھوٹ بولنے کے بجائے، سونالی اور ان کے شوہر نے فیصلہ کیا کہ اسے سب کچھ سچ بتا دیا جائے۔ سونالی نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے ان کی بیماری کی خبر کو صبر اور تحمل کے ساتھ سنا۔ ‘
انہوں نے مزید کہا کہ اب ان کا بیٹا ان کی طاقت ہےاور وہ کبھی کبھار انہیں اس بات سے بھی آگاہ کرتا ہے کہ ان کی ماں کو اپنی بیماری سے لڑنے کے لیے کیا اقدام کرنے چائیے۔
سونالی بیندرے نے اپنی بیماری سے متعلق بتایا کہ اس خطرناک بیماری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے صرف یہی کیا جاسکتا ہے کہ اس کا بہتر اور بر وقت علاج کرایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آج کل امریکا میں مقیم ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک اور تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کونیک خواہشات کے پیغامات بھیجے ہیں۔
چھوٹے بالوں میں اپنی ایک اور تصویر شیئر کرتے ہوئےسونالی نے لکھا کہ ’ہمیں اپنی طاقت کا اندازہ اس وقت نہیں ہوتا جب تک ہم اپنی پوشیدہ طاقت کو سامنے نہیں لاتے۔‘
سونالی بیندے نے اپنے کیریئر کا آغاز 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ’آگ’ سے کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 50 سے زائد سپر ہٹ فلموں میں کام کیا ہے۔ ان کی مشہور فلموں میں’کل ہو نہ ہو،جس دیش میں گنگا بہتی ہے، ہمارا دل آپ کے پاس ہے،ہم ساتھ ساتھ ہیں، زخم، انگارے، میجر صاحب، دل جلے، بھائی، انگلش بابو، دیسی میم، ثپوت اور اپنے دم پر‘ وغیرہ شامل ہیں۔