اسلام آباد( نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک اور قومی اداروں کیخلاف ہے،الیکشن اور الیکشن کمیشن تو ٹھیک جا رہے ہیں لیکن شہبازشریف اور ن لیگ کی حالت خراب دکھائی دے رہی ہے۔ وہ گجرات میں ووٹرز کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے نہ صرف پاکستان اور عوام کے بعد دین سے بھی دشمنی کی اور ختم نبوتﷺ کے منکرین اور ان کے سرپرستوں کو خوش کرنے کیلئے قوانین میں تبدیلی کرنے کی سازش کی جو بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا بیانیہ ملک اور قومی اداروں کے خلاف ہے جسے عوام تو کیا ن لیگ کے باشعور کارکنوں میں بھی پذیرائی نہیں ملی اور یہی وجہ ہے کہ ان کی آمد کا شو بری طرح فلاپ ہو گیا۔