• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی میدان کل سجے گا،پولنگ سامان کی ترسیل جاری

انتخابی میدان کل سجے گا،پولنگ سامان کی ترسیل جاری

الیکشن 2018کے لیے انتخابی میدان کل سجے گا جس کے لئےپولنگ کے سامان کی ترسیل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپرز سمیت دیگر سامان فوج اور پولیس کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کا کہناہے شہری علاقوں میں سامان کی ترسیل کا کام آج شام سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا جبکہ دور دراز علاقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل رات تک جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پریزائیڈنگ آفیسر چاہیں تو رات کو پولنگ اسٹیشن پر رک سکتے ہیں، تاہم فوجی جوان رات بھر پولنگ اسٹیشن پر موجود رہیں گے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 کی پولنگ کے لئے کل ملک بھر میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

پنجاب میں 6 کروڑ 6 لاکھ 72 ہزار 870 رجسٹرڈ ووٹرز، سندھ کے 2 کروڑ 23 لاکھ 97 ہزار 244 افراد ووٹ ڈال سکیں گے۔

کے پی میں 1 کروڑ 53 لاکھ 16 ہزار 299 شہری حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے ، بلوچستان کے 42 لاکھ 99 ہزار 494 رجسٹرڈ ووٹر ز جبکہ فاٹا کے 25 لاکھ 10 ہزار 154 اور اسلام آباد کے 7 لاکھ 65 ہزار 348 شہری ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔

عام انتخابات کے لیے 85 ہزار 307 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 17 ہزار سات پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور 20 ہزار 789 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

ملک بھر میں 16 لاکھ کے قریب انتخابی عملہ خدمات سر انجام دے گا۔ 4 لاکھ 49 ہزار 465 پولیس اہلکار، 3 لاکھ 70 ہزار سے زائد فوجی جوان سیکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے ۔

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 8 حلقوں پر انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں، قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلیوں کے 6 حلقوں پر الیکشن اب بعد میں ہوں گے۔ان میں قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 60 ،اور این اے 103 فیصل آباد شامل ہے۔

صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں پی کے 78 پشاور ، پی پی 87 میانوالی ، پی پی 103 فیصل آباد ،پی ایس 87 ملیر، پی کے 99 ڈی آئی خان ،اور پی بی 35 مستونگ میں الیکشن ملتوی کیا گیا ہے ۔

سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 6 کشمور سے میر شبیر بجارانی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں ۔

تازہ ترین