• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوہر آباد کے موضع گھگھ میں خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے کی ستر سالہ پرانی روایت ٹوٹ گئی، للیانی بھلوال میں پہلی مرتبہ خواتین نے بھی ووٹ ڈالا،سرگودھا کے علاقہ نصیر پور کلا ں میں پنچایت کے حکم پر ایک بھی خاتون ووٹ کاسٹ کرنے نہ آئی

جوہرآباد،بھلوال،سرگودھا( نمائندہ جنگ )موضع گھگھ میں خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے کی ستر سالہ پرانی روایت ٹوٹ گئی ۔ گاؤں کی خواتین نے سابقہ روایات سے ہٹ کر تاریخ میں پہلی بار اپنے ووٹ کا حق استعما ل کیا۔ گھگھ کلاں کی روایت کے مطابق 1947ء سے لیکر آج تک کسی بھی انتخابی معرکہ آرائی میں خواہ وہ قومی ہوں یا بلدیاتی کسی بھی خاتون نے اپنے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیالیکن اس مرتبہ ضلعی انتظامیہ اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 93کی امیدوار سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک نے اس گاؤں کے بار بار دورے کئے اور گاؤں کے بزرگوں وخواتین سے ملاقاتیں کرکے انہیں ووٹ کاسٹ کرنے پر مائل کیاجس پر خواتین اور بزرگوں نے مثبت رویہ اپناتے ہوئے یہ قدیم روایت توڑ دی۔ پولنگ شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد ڈپٹی کمشنر خوشاب ندیم عباس ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب حسنین حیدراور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر طاہر نواز خان، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب نے گھگھ کلاں میں قائم خواتین کے پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں پر گاؤں کی ستر سالہ تاریخ میں پہلی بار ووٹ ڈالنے والی خواتین اور علاقہ کے اکابرین سے اظہار تشکر کیا،دریں اثناء بھلوال کے نواحی قصبہ للیانی میں پہلی مرتبہ خواتین نے بھی ووٹ ڈالا۔اس قصبہ میں برادری سطح پر ہونے والے فیصلہ کے مطابق ووٹ نہیں ڈالے جاتے تھے ۔اس بار خواتین نے اپنے امیدوار وں کوووٹ دیئے۔تاہم ووٹ کی ریشو کم نظر آئی۔علاوازیں سرگودھاکے حلقہ این اے 89 کے پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹر ی سکول نصیر پور کلا ں میں ایک بھی خاتون نے ووٹ کاسٹ نہ کیا ۔علاقے کے مکینوں کے مطابق اتفاق رائے سے مر دوں نے فیصلہ کیا ہے کہ حلقہ 89 نصیر پور کلا ں کی رہائشی کوئی خاتون بھی اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کر ے گی الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کی طر ف سے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹر ی سکول نصیر پور کلا ں میں عملہ تو تعینات کر دیا گیا لیکن ایک بھی خاتون ووٹر وہاں ووٹ ڈالنے نہ پہنچی ۔الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کے ذرائع کے مطابق 10 فیصد تک ہر پولنگ اسٹیشن پر خواتین کے ووٹ کاسٹ ہو نا ضرور ی ہے انتظامیہ کی طر ف سے علاقہ کے بلدیاتی نمائندوں کو بلا کر کہا گیا کہ خواتین کو ووٹ کاسٹ کر نے کی اجازت دی جائے لیکن خواتین نے پنچایت کے فیصلے کے تحت کوئی ووٹ نہیں ڈالا۔
تازہ ترین