لاہور(خبرنگارخصوصی) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اداکارہ بابرہ شریف کے کیس میں ریمارکس دئیے کہ مقدمہ بازی بہت بڑی بیماری ہے اسے معاشرے سے ختم کرنا ہے، عدالت میں جیولر کرنل (ر) غلام علی زاہد نے 6ماہ کے واجب الادا کرائے کے چیک اداکارہ بابرہ شریف کو دے دیئے جس پر چیف جسٹس پاکستان نے اداکارہ بابرہ شریف اور جیولر کے درمیان د کان کے کرائے کادیرینہ معاملہ نمٹا دیا ۔اداکارہ بابرہ شریف چیک ملنے پر اتنی خوش ہوئیں کہ انھوں نے چیف جسٹس پاکستان سے کہہ دیا کاش آپ سیاست دان ہوتے اور قوم کوآپ کی قیادت میں قائد اعظم کا حقیقی پاکستان میسر آتا جس پر چیف جسٹس پاکستان اور کمرہ عدالت میں موجود تمام افراد ہنس پڑے،چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے اداکارہ بابرہ شریف کی درخواست پر سماعت کی،عدالتی حکم پر اداکارہ بابرہ شریف نے ایل ڈی اے کو ادا کی جانےوالی کمرشلائزیشن فیس کا ریکارڈ جبکہ جیولر نے کرایہ کی ادائیگی کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا، چیف جسٹس نے بابرہ شریف کو ایل ڈی اے کی کمرشلائزیشن فیس ادا کرنے کی ہدائت کر دی۔