• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی شکایات و خد شات کو دور کرے،رحمان ملک

الیکشن کمیشن امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی شکایات و خد شات کو دور کرے،رحمان ملک

اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین اور سینیٹ کو آرڈی نیٹر برائے الیکشن سکیورٹی سینیٹررحمن ملک نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے ،جس میں کہا گیا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مختلف پارٹیوں کی جانب سے الیکشن کے نتائج پر خدشات، شکایات و عدم اطمینان پر تشویش کا اظہار کرتی ہے،کمیٹی چاہتی ہے کہ الیکشن کمیشن امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی شکایات و خدشات کو دور کرے،انتخابی نتائج کے لیے ایک مقرر وقت متعین کیے جانے کے باوجود انتخابات میں غیر ضروری تاخیر کی وجہ کیا تھی؟فارم 45 کے مہیا نہ کرنے سے کئی سوالات نے جنم لیا ہے، بتایا جائے کہ یہ فارم فراہم نہ کرنے کی کیا وجوہات ہیں؟خواہش ہے کہ الیکشن کمیشن ان سوالات کا مفصل جوابات دے کر کمیٹی، سیاسی جماعتوں اور عوام کو مطمئن کرے۔ رحمان ملک کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مختلف پارٹیوں کی جانب سے الیکشن کے نتائج پر خدشات، شکایات و عدم اطمینان پر تشویش کا اظہار کرتی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ آر ٹی ایس اور آر ایم ایس نظام کی ناکامی اور خرابی کی کیا تکنیکی وجوہات ہیں؟ کیونکہ ان نظام کی خرابی سے عوام اور سیاسی جماعتوں کے ذہنوں میں شکوک وشبہات پیدا ہوئے ہیں۔خط میں پوچھا گیا کہ کیا آر ٹی ایس اور آر ایم ایس نظام کے فراہم کنندہ گان نے ان کی بہتر کارکردگی کی ضمانت نہیں دی تھی؟ ان کی خرابی کی وجہ کہیں انہیں ہیک کرنا یا وائرس کا حملہ تو نہیں؟ سینیٹر رحمان ملک الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں سوال کیا گیا کہ کیا آر ٹی ایس اور آر ایم ایس نظام کی خرابی کے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے؟ کیا ذمہ داران کے خلاف الیکشن کمیشن نے کوئی تحقیقات کا حکم دیا ہے؟سینیٹر رحمن ملک نے سوال کیا کہ کیا آر ٹی ایس اور آر ایم ایس کا کوئی متبادل نظام موجود نہیں تھا، جو بروقت نتائج منتقل کرتا؟خط میں کہا گیا کہ 19 جولائی کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں انہوں نے آر ٹی ایس اور آر ایم ایس کی حفاظت اور استعمال پر سوالات اٹھائے تھے اورپوچھا گیا تھا کہ دونوں نظام وائرس اور ہیکنگ سے کتنے محفوظ ہیں؟ جس پر الیکشن کمیشن نے کمیٹی کو دونوں نظام کے مکمل محفوظ اور قابل اعتماد ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ الیکشن کمیشن کو کتنی فارم 45 نہ ملنے کی کتنی شکایات موصول ہوئیں اور ان پر کیا کارروائی کی گئی؟

تازہ ترین