اسلام آباد (عثمان منظور)وزیرا علی خیبر پختون خوا کیلئے پرویز خٹک کی قومی اسمبلی کی نشست کو نہیں چھوڑا جائے گا اور اس اہم منصب کیلئے اسد قیصر اور عاطف خان امیدوار ہیں جبکہ عاطف خان کو فیورٹ کہا جارہا ہے کیونکہ وہ عمران خان کے قریبی سمجھے جاتے ہیں ۔پی ٹی آئی کو ایم پی ایز کی نسبت ایم این ایز کی ضرورت ہےکیونکہ وہ مستحکم حکومت بنانے کیلئے کوشاں ہے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیرا علی کے منصب کیلئے دوڑ میں پرویز خٹک کو قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس کی تحریک انصاف کو حکومت بنانے کیلئے ضرورت ہے ۔پی ٹی آئی میں معتبر ذرائع نے دی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں اس اہم منصب کیلئے لابنگ عروج پر ہے اور کے پی سے منتخب ایک درجن سے زائد اراکین پارلیمنٹ پی ٹی آئی رہنما کی قیادت میں جمعے کو بنی گالہ میں عمران خان سے ملے ہیں اور پرویز خٹک کو وزیر اعلی کے طور پر کام جاری رکھنے کیلئے زور دیا ہے ۔