نوشہر ہ (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلیٰ پرویز خان خٹک نے بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ اہم ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال مرکز، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حکومتوں کی تشکیل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ اس سے قبل اسپیکر اسد قیصر سے بھی عمران خان نے ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پرویز خٹک نے عمران خان کو وفاق میں جانے کی بجائے صوبہ میں رہنے پر ترجیح دینے اور ان کو فاٹاکے خیبرپختون خوا میں انضمام کے بعد کی صورت حال اور پارٹی کو صوبہ اور فاٹا میں مضبوط سیاسی قوت بنانے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے عمران خان سے اپنی ملاقات کو انتہائی خوشگوار قرار دیا اورکہا کہ میں نے پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان کو صوبے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے اگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات سے قبل انھوں نے نہ صرف صوبے میں حکومت کی بلکہ پارٹی کو مضبوط قو ت بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کئی سیاسی جماعتوں سے الیکٹبلز کوتحریک انصاف میں شامل کیا۔ یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں تمام دینی اورسیاسی جماعتوں کا صفایا ہوگیا۔ اور پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا میں دو تہائی اکثریت ملی۔ اسی طرح فاٹا کے انضمام کے بعد انھوں نے قبائل کی سیاست پر بھی توجہ دی اور اسی وجہ سے قبائل میں بھی پی ٹی آئی کو واضح اکثریت ملی ۔ اس سوال کے جواب میں کہ آپ مرکزمیں جا رہے ہیں تو انھوں نے کہا کہ اسد عمر، جہانگیر ترین سے تفصیلی نشست ہوئی ہے جس میں انہوں نے مجھے صدر مملکت، اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزارت کی آفر کی ۔ تاہم میں نے انہیں واضح طو رپر سمجھا دیا کہ میں ایک سیاسی آدمی ہوں اور عوام میں رہنا پسند کروں گا ۔