راولپنڈی ،اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ،جنگ نیوز) پنجاب کے نگران وزیر صحت تعلیم خوراک و زراعت سردار تنویر الیاس نے پیر کو بینظیر بھٹو ہسپتال اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے تفصیلی دورے کئے۔ انہوں نے بینظیر ہسپتال میں متعدد وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کو علاج معالجے اور ان کی ضروریات پورا کرنے کیلئے کئی ملین روپے کی نقد امداد کی۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور دوسرے ڈاکٹروں کے ساتھ آپریشن تھیٹر اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہیں آپریشن تھیٹر میں درکار تمام ضروری اشیا آپریشن ایکوئپمنٹ، آپریشن ٹیبل سمیت آلات جراحی ذاتی جیب سے خرید کر بطور عطیہ پیش کرنے کا اعلان کیا۔ سردار تنویر الیاس نے پہلے بھی بینظیر ہسپتال کیلئے 60 لاکھ روپے سے زیادہ کا میڈیکل ایکوئپمنٹ عطیے کے طور پر دیا تھا۔ انہوں نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے دورے کے دوران یونیورسٹی کے چیئرمین اور وائس پریذیڈنٹ کے ساتھ یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹ کا معائنہ کیا۔ مستحق طلبا کیلئے اپنی جیب سے لاکھوں روپے کے فنڈز دینے کا یقین دلایا۔ انہوں نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں 20 ہزار پودے سینٹورس کی طرف سے طلبا وطالبات کے ذریعے لگانے کا اعلان کیا جو پہلے ہی سی ڈی اے کے تعاون سے ایک لاکھ پودے اور درخت لگانے کا سلسلہ شروع کئے ہوئے ہیں۔