انتخابی مہم کے دوران غیراخلاقی زبان استعمال کرنے پر سابق وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔
سابق وزیراعلیٰ نے تحریری جواب میں کہا ہے کہ وہ اپنے الفاظ پر شرمندہ ہیں اور غیرمشروط معافی مانگتے ہیں۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے کہا کہ پرویز خٹک تقریر میں کہہ رہے ہیں کہ ایسے تو میراثی بھی نہیں کرتے، پرویز خٹک نے تقریر میں خواتین سے متعلق انتہائی نامناسب گفتگو کی۔
رکن الیکشن کمیشن نے اعتراض کیا کہ پرویز خٹک خود بھی پیش نہیں ہوئے۔
جس پر پرویز خٹک کے وکیل سکندر بشیر نے کہا کہ پرویز خٹک اپنے الفاظ پر معافی مانگ چکے ہیں، انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں اپنے الفاظ پر وضاحت کی اور معافی مانگی ہے۔
الیکشن کمیشن نے پرویزخٹک کے میڈیا پر معافی مانگنے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9اگست تک ملتوی کر دی۔
پرویزخٹک کے نازیبا الفاظ سے متعلق کیس کا فیصلہ 9اگست کو سنایا جائے گا۔