ایک طرف سریلی آواز کانوں میں رس گھولے، تو دوسری جانب دلکش شخصیت اور معصوم چہرہ اپنی جانب کھینچے، مختلف اور منفرد صلاحیتوں کی حامل ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور پاپ سنگر سِلینا گومزکا نام دنیا بھر میں کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ نوجوانی میں ڈزنی چینل کے مشہور مزاحیہ ڈرامہ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی سِلینا گومزآج ایک کامیاب اداکارہ، ماڈل، موسیقار، ڈیزائنراور سونگ رائٹر کی حیثیت سے جانی جاتی ہے۔
ابتدائی زندگی
سِلینا گومز22جولائی1992ء کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر گرینڈ پریری میں پیدا ہوئی۔ اس کا پورا نام سِلینا میری گومز ہے جبکہ والد کانام ریکارڈو جوئل گومزاور والدہ مینڈی کورنٹ ہیں۔ اس کے والدین کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے ہے۔ سِلینا کی دلکش شخصیت اور خوبصورت سراپا اس کے والدین سے ہی ملتا ہے۔ اس کے گھونگریالے بال اور خوبصورت ہونٹ والد ریکارڈو جوئل گومز اورکتھئی آنکھیں، سفید دانت اور متاثر کن مسکراہٹ والدہ جیسی ہے۔19سال کی عمر میں ہی سِلینا مقبول سنگر کے طور پر جانی جانے لگی۔سِلینا گومز جب پانچ سال کی تھی تب ان کے والدین کے درمیان علیحدگی ہوگئی، یہ واقعہ ایک چھوٹی سی بچی کے لیے کسی بڑے سانحے سے کم نہ تھا۔
علیحدگی کے بعد سِلینا ٹیکساس چھوڑ کر اپنی والدہ کے ساتھ لاس اینجلس منتقل ہوگئی۔علیحدگی کے بعد سِلینا کی والدہ نے شوبز انڈسٹری کا رُخ کرلیا اور پانچ سالہ سِلینا والدہ کے ہمراہ ہرشوٹ پر نظر آنے لگی۔ سِلینا میں اداکاری کاشوق انہی شوٹنگ اسٹیج اورسیٹس کو دیکھ کر پیدا ہوا اور یوں چھوٹی سی بچی شوٹس پر نظرآنے والی مختلف اداکاراؤں کی نقل کرنے لگی۔ چھ سال کی عمر میں یہ شوق اداکارہ بننے کی خواہش میں تبدیل ہوگیااور سِلینا نے اپنی والدہ سے اس بات کا اظہار کیا کہ وہ ان سےبڑی اداکارہ بننا چاہتی ہے۔
کیریئر کا آغاز
سِلینا کی خواہش کے اظہار کے بعد مینڈی نے چائلڈ اسٹار شوبز انڈسٹری میں اس کی اینٹری کے لیے کوششیں شروع کردیں۔ سِلینا جب 9 سال کی ہوئی تو اسے ٹیلی ویژن سیریز ’’چلڈرن اینڈ برنی‘‘ میں اداکاری کرنے کا موقع ملا، اس حوالے سے اس کی یہ سالگرہ یادگاررہی۔ یہ سِلینا کی پہلی ٹی وی سیریز تھی، جو اس کے ہالی ووڈ کیریئر کی بنیادثابت ہوئی۔
2003ء میں ’واٹر پارک گرل‘سیریز اور 2005ء میں ’والکر، ٹیکساس رینجر:ٹرائل بائی فائر‘ اور ’دا سوئٹ لائف آف زیک اینڈ کوڈی‘ جبکہ 2006ء میں ’حنّ امونٹانا‘ نامی ٹی وی سیریز اور مزاحیہ ڈراموں مختصر کردار ادا کیے۔ سِلینا کے کیریئر کا اہم رول ’وزرڈزآف ویورلی‘ ٹی وی سیریز میں کیا، جس میں دوسرے معروف چائلڈ اسٹار کے ہمراہ سِلینا نے مرکزی کردار اداکیا۔ اس کے بعد سے وہ متعدد ڈراموں اور فلموں میں چائلڈ اسٹار اور مہمان اداکارہ سمیت مرکزی کرداروں میں بھی نظر آ چکی ہے۔ سِلینا گومز نے گلوکاری کا آغاز 2012ء میں کیا اور مختصر عرصے میںہی اہم کامیابی حاصل کرلی۔ وہ 2015ء اور2016ءکے وسط تک سخت ذہنی دبائو کے باعث منظر عام سے غائب رہی۔
یونیسیف کی خیر سگالی سفیر
سِلینا ہالی ووڈ کی وہ پہلی کم عمر اداکارہ ہے، جسےیونیسیف کی خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا۔ سِلینا گومز کی جانب سے نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا معاملہ ہو یا پھر متاثرہ علاقوں کا دورہ،یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ ایک کامیاب گلوکارہ ہی نہیں بلکہ ایک انسانیت کادرد رکھنے والی شخصیت بھی ہے۔
کاروبار کی شروعات
سِلینا صرف اداکارہ یا گلوکارہ ہی نہیں بلکہ ایک بزنس ویمن بھی ہے، دسمبر2016ء میں اس نے فیشن مصنوعات کے کاروبار کی شروعات کی تھی۔ صرف یہی نہیں، سِلینا گومز سوشل میڈیا پر بھی چھائی رہنے والی اداکاراؤں میں شامل ہے۔ یہاںتک کہ2016ء کی جو پانچ تصاویر سب سے زیادہ لائیک کی گئیں، وہ سب کی سب سِلینا گومز کی ہی تھیں۔ اس کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی تصویر کو59لاکھ سے زائد افراد نے لائیک کیا۔ماضی میں سِلینا گومز کے نوجوان کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، تاہم ان کے درمیان2015ء کے آغاز میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی جس کے بعد دونوں نے اپنے اپنے راستے الگ کرلیے۔
سلینا گومز کس کی فین
انسٹاگرام ہو یا پھر ٹوئٹر سلینا گومز کے مداحوں اور پرستاروں کی تعداد کہیں بھی کم نہیں لیکن ہر بڑے سے بڑا اسٹاربھی کسی نہ کسی کا فین ہوتا ہے۔ سلینا گومزکے مختلف بیانات میں دو بڑے اسٹارز کا ذکر ہوتا رہا ہے۔ کئی عرصے تک سلینا کی جانب سے لوکن لرمن کی سب سے بڑی مداح ہونے کا دعویٰ کیا جاتا رہا۔دوسری جانب سلینا اداکار جارج کلونی کی بھی سب سے بڑی مداح رہیں۔سلینا کا کہنا تھا کہ وہ بہترین اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ پرکشش شخصیت کے مالک بھی ہیں۔