• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
چہرہ ہو گول تو کیسا ہو ہیئر اسٹائل

سب کاچہرہ ایک جیسا نہیں ہوتا، دنیا میں مختلف لوگ ،مختلف چہروں کے مالک ہوتے ہیں، اسی لیے ان کے انداز بھی ایک دوسرے سے جدا ہوتے ہیں۔اگر بات کریں خواتین اور ان کے ہیئراسٹائل کی توان کے لیے خصوصی طور پر کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے چہرے کی ساخت کے مطابق ایسا اسٹائل بنائیں جو ان پر خوب جچے۔ چونکہ خواتین کے خوبصورت نظر آنے میں ان کے بالوں یا پھر بنائے گئے ہیئر اسٹائل کا اہم کردار ہوتا ہے، اس لیے خواتین اپنی تیاری کے دوران بال بنانے میں اچھا خاصا وقت لگاتی ہیں۔ 

ہم نے اکثر خواتین کو ہیئر اسٹائل کے لیے ہی پریشان ہوتے دیکھا ہے مثلا ًاگر چہرہ گول ہے تو کیسا ہیئر اسٹائل ہو،لمبا بیضوی یا کتابی چہرہ ہو توکیسا ہیئر اسٹائل بنایا جائے۔ آج ہم بات کریں گے گول چہرے والی خواتین کے ہیئر اسٹائل کے بارے میں، اگر آپ کا چہرہ گول ہے تو وہ کون سے پرفیکٹ ہیئر اسٹائل ہیںجو آپ کے چہرے پر سوٹ کریں گے۔

راؤنڈ فیس ہیئر اسٹائل

ہالی ووڈ ہیئر اسٹائلسٹ کے نزدیک گول چہرے کی حامل خواتین کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ وہ جس ہیئر اسٹائل کو اپنا نے کا ارادہ رکھتی ہیں وہ ایسا ہو جس میں ان کا چہرہ کم گول نظر آئے، اس مقصد کے لیے انہیں چاہئے کہ وہ سر پرپھولے پھولے بال رکھیں ۔ اس کے علاوہ چہرہ کے اطراف میں اس انداز سے بال ڈالیں جس سے چہرے کی گولائی کم نظر آئے۔

ہاف اپ ڈو

اگر آپ شادی بیاہ یا رات کی کسی اورتقریب میں جانے کا ارادہ رکھتی ہیں تو ’ہاف اپ ڈو‘ ہیئر اسٹائل اپنائیں۔ہاف اپ ڈو کے لیےسر کی اوپری جانب کم پھولا ہوا ہاف پف بنا کر پیچھے کے بالوں کو کھلا چھوڑ دیا جاتا ہے۔ اس ہیئر اسٹائل کےذریعے گول چہرہ پتلا اورکیوٹ سامعلوم ہوتا ہے۔

سائیڈ ٹوئسٹ ود کرلی ہیئر

اگر آپ ٹاپ پف نہیں پسند کرتیں تو اس کی جگہ ٹوئسٹ بنالیں۔سائیڈ ٹوئسٹ کےلیے بالوں کی آڑی مانگ نکالیں اور ایک سائیڈپر زیادہ بال کھلے چھوڑ کر دوسری سائیڈ سے دویا تین لٹوں کوکچھ اس طرح ٹوئسٹ یعنی گھمائیںیا انھیں مروڑ کرباندھ دیں، اس طرح کرنے سے یہ نہایت خوبصورت اندازبن جاتاہے۔اگرآپ چاہیں تو نیچے سے بالوں کو کرل کرکے چہرے کو لمبا اور خوبصورت انداز بھی دے سکتی ہیں۔

لوز پونی ٹیل

اس ہیئر اسٹائل کو زیادہ تر نوجوان اور کم عمر لڑکیاں اپناتی ہیں، یہ اسٹائل شارٹ شرٹ اور فٹنگ ڈریسز پر زیادہ اچھا لگتا ہے۔ اس میں بالوں کی پونی اس اسٹائل سے بنائی جاتی ہے کہ بال کھنچے کھنچے محسوس نہ ہوں، پھر بالوںکو دوحصوں میں تقسیم کرنے کے بعدآگے سے دو لٹیں نکال کر پیچھے سے بالوں کی لوز پونی بنائی جاتی ہے۔ یہ اسٹائل آپ کی چِک بون(رخسار کی ہڈی) کی گولائی کم کرتے ہوئے آپ کا چہرہ لمبا دکھانے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔دوسری جانب گول چہرے والی خواتین بیچ کی مانگ نکال کر اور پیچھے کے بال کھلا چھوڑکر بھی چہرے کی گولائی کم دکھاسکتی ہیں۔

اسٹریٹ باب

ہالی ووڈ ہو یا بالی ووڈ، باب ہیئر اسٹائل فیشن آج کل خاصا مقبول ہے۔اگر آپ کا چہرہ گول ہے اور بال زیادہ لمبے نہیں ہیں یا پھر ایسی خواتین جو لمبے بالوںسے پریشان نظر آتی ہیں وہ باب اسٹائل اپنا کر حسین اور اپنی عمرسے کم نظر آ سکتی ہیں،تو دوسری طرف اس ہیئر اسٹائل کی بدولت ان کاچہرہ خاصا متاثر کن محسوس ہوگا۔ باب ہیئر کٹ میں بالوں کی لمبائی کندھوں سے کچھ اوپر ہوتی ہے،جو چہرے کے ساتھ ساتھ گردن کی لمبائی نمایاں کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ یہ ہیئر اسٹائل تمام خواتین، خاص طور پر ورکنگ ومن کے لیے بہترین ہے کیونکہ ان کے پاس بالوں کو مختلف ہیئر اسٹائل دینے کا اضافی وقت کم ہی ہوتا ہے۔ ہیئر اسٹائل میںون سائڈ ڈیپ اور اسٹریٹ باب ہیئر چہرے کی گولائی کم اور اسے لمبا دکھانے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔

ہائی بن

ہالی ووڈ میں سب سےزیادہ آمدنی حاصل کرنے والی فیشن ماڈل کینڈل جینر کو زیادہ تر ہائی بن اسٹائل میں دیکھا جاتا ہے۔ ہائی بن ہیئر اسٹائل کو اپنانے سے خواتین کاگول چہرہ سلم اور لمبا نظر آتا ہے۔

سائیڈ بینگ

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایما اسٹون کی سبز آنکھیں اور سائیڈ بینگ ہیئر اسٹائل کسی بھی انسان کے دل پر چھریاں چلانے کے لیے کافی ہے۔ سائیڈ بینگ ہیئر اسٹائل نہ صرف سیلیبریٹیز میں مقبول ہے بلکہ گول چہرے کی حامل خواتین کا چہرہ لمبا اور گولائی کم دکھانے میں بھی بہترین ہوتاہے۔

تازہ ترین