• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کا اوورسیزپاکستانیزکمیشن کیخلاف ریفرنس دائر کرنیکا حکم

لاہور(این این ائی) اوورسیز پاکستانیز کمشنر پنجاب کی تعیناتی سے متعلق ازخودنوٹس کی سماعت میں چیف جسٹس ثاقب نثارنے اوورسیزپاکستانیزکمیشن افضال بھٹی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نیب ملزم کو سننے کے بعد ریفرنس دائر کرے۔ تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیز کمشنر پنجاب کی تعیناتی سے متعلق ازخودنوٹس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کی۔ اس موقع پر ڈی جی نیب سلیم شہزاد آڈٹ رپورٹ کیساتھ عدالت میں پیش ہوئے جس میں افضال بھٹی کے پاکستانی شہری نہ ہونے کاانکشاف بھی ہوا اور انہوں نے اعتراف کیا کہ غیرملکی شہریت کے باوجود سرکاری ملازم رہا۔ افضال بھٹی کے روسٹرم آنے پرچیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئیے منظورنظر، افضال بھٹی آپ کیلئے پیشکش ہے جو اضافی وصول کیاواپس کردیں، آپ کتنی تنخواہ لیتے رہے، پتہ ہے نا ڈیم بن رہا ہے؟ تمام اضافی تنخواہیں اسی ڈیم میں جانی ہیں۔ڈی جی نیب سلیم شہزادنے عدالت کو آگاہ کیا کہ افضال بھٹی نواز شریف کے سیکرٹری اورشہباز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری بھی رہے جبکہ یہ اوورسیز کمشنر کیلئے مطلوبہ تجربہ بھی نہیں رکھتے تھے اور 5 لاکھ روپے تنخواہ لیتے رہے، سلیکشن کمیٹی نے 3 امیدواروں کے نام اس وقت کے وزیراعلیٰ کودیئے اور شہباز شریف کی منظوری کے بعد افضال بھٹی کو تعینات کیا گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ اضافی تنخواہ واپس کرینگے یا ریفرنس نیب کو بھجوا دیں ۔جس پر افضال بھٹی کا کہنا تھا کہ میں نیب کی آڈٹ رپورٹ کو چیلنج کرتا ہوں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ دہری شہریت رکھتے ہیں، افضال بھٹی بولے میں پیدائشی برطانوی شہری ہوں، پاکستانی شہریت نہیں ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن افضال بھٹی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پاکستان وہ ملک نہیں جہاں جو بھی آئے اور کھا کر چلا جائے، نیب ملزم کو سننے کے بعد ریفرنس دائر کرے۔
تازہ ترین