• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیڑھیوں کے ڈیزائن گھر کی خوبصورتی بڑھائیں

سیڑھیوں کے ڈیزائن گھر کی خوبصورتی بڑھائیں

کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے بغیر ہمارا گزارا ممکن نہیں، گھر چھوٹا ہو یا بڑا وہ ناگزیر ہوتی ہیں۔ سیڑھی کا شمار بھی ایسی ہی چیزوں میں ہوتا ہے۔ سیڑھی گھر ایک بنیادی عنصر ہے، چاہے آپ کے پاس جگہ کتنی ہی کم کیوں نہ ہو، آپ کو یہ لازمی بنوانی پڑتی ہے۔

گھر میں ایک منزل سے دوسری منزل پر جانے کے لیے سیڑھیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ گھر کی خوبصورتی میں سیڑھیوں کا تخلیقی اور افسانوی ڈیزائن اس کو اُبھارنے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ آج کے جدید دور میں گھر میں استعمال ہونے والی سیڑھیوں کے نت نئے اور اسٹائلش انداز تخلیق ہو چکے ہیں۔ آج کے اس مضمون میں، ہم آپ کے لیے سیڑھیوں کے ایسے خوبصورت اور جدید ڈیزائن لے کر آئے ہیں، جو آپ کے انتخاب کو آسان بنا دیں گے۔ آئیےایک نظر ان اسٹائلش ڈیزائن پر ڈالتے ہیں۔

سیڑھیوں کے ڈیزائن گھر کی خوبصورتی بڑھائیں

لوہے اور لکڑی کا خوبصورت امتزاج

آج کے جدید دور میں گھر کی خوبصورتی اور دلکشی کے لیے بہت سے نئے اور دلکش ڈیزائن متعارف کرائےجاچکے ہیں۔ جیسا کہ اس ماڈل میں ہم دیکھ سکتے ہیں کہ لوہے کے فریم میں لکڑی کے دلکش تختے نصب کر کے سیڑھیوں کا منفرد اور خوبصورت اسٹائل تشکیل دیا گیاہے۔ اس ڈیزائن میں مزید دلکشی لانے کے لیے اس سے ملحقہ دیوار کو خوبصورت رنگدار ٹائلز سے مزین کیا گیا ہے۔

بالکونی کی طرف جاتی سیڑھیاں

کنکریٹ کے سلیب پر مشتمل سیڑھیوں کا یہ انداز اپنے اندر جدت اور انفرادیت رکھتا ہے۔ بالکونی کی طرف جاتی دو رُخی سیڑھیوں کا یہ انداز کم ہی اپنایا جاتا ہے۔ یہ اسٹائل اُن جگہوں کے لیے زیادہ مقبول تصور کیا جاتاہے، جہاں سیڑھیوں پر آمدو رفت زیادہ ہوتی ہے جیسے اسکول، کالج اور ہسپتال وغیرہ۔

اپارٹمنٹ کیلئے دلکش ڈیزائن

اپارٹمنٹ کے لیے آپ کنکریٹ کی بنی بڑی سیڑھیاں استعمال نہیں کر سکتے، جگہ کی تنگی کے باعث آپ لکڑی کی بنی ہوئی چھوٹی سیڑھیوں کا انتخاب کریں۔ یہ اپارٹمنٹ کی خوبصورتی کے لحاظ سے ایک بہترین انتخاب ہوں گی۔

بل کھاتا زبردست انداز

اگر آپ کے گھر میں کافی جگہ ہے یا وہ بنگلہ نما گھر ہے تو اس کے لیے دلکش ڈیزائن والی بل کھاتی سیڑھیوں کا انتخاب کریں۔ آپ ماڈل میں دیکھ سکتے ہیں کہ لوہے اور سیمنٹ سے بنی اس سیڑھی کا بل کھاتا ڈیزائن کس قدر خوبصورتی اور دلکشی کا احساس پیدا کر رہا ہے۔

مضبوط شیشے سے مزین دلکش انداز

آج کل کے ترقی یافتہ دور میں سائنس نے جہاں بہت زیادہ ترقی کی ہے وہاں شیشے میں ایسے مضبوط مواد بھی تیار کر لیے ہیں، جنہیں آپ سیڑھیوں کے اسٹیپس میں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ ایک مہنگا مگر خوبصورت انتخاب ہو سکتاہے۔ یہ اسٹائل اپنے اندر جدت کے ساتھ انفرادیت بھی رکھتا ہے۔

بچوں کے لیے کچھ خاص

بچوں کے کمرے کی طرف جاتی سیڑھیوں میں ایک خاص دلکشی پیدا کریں۔ ان سیڑھیوں کے ڈیزائن کو کسی کھلونے یا کشتی سے تشبیہ دیں۔ اس قسم کے اسٹائل سے بچوں کو ایک خاص احساس اورفرحت ملے گی۔ یہ ایک دلکش اور خوبصورت انتخاب ہوگا، جس سے بچے بار بار لطف اندوز ہوں گے۔

سفیدگرل اسٹائل

سفید رنگ کے ساتھ یہ ڈیزائن بہت اعلیٰ ہے، جو فرش کے بھورے رنگ کے ساتھ خوب جچتا ہے۔ تصویر کا یہ منظر آپ کو کسی شاہانہ گھر کا پتہ دیتا ہے۔ ساتھ ہی، سائیڈ ریلنگ میں لکڑی کو لوہے کے گرل فریم کے ساتھ زبردست انداز میں استعمال کیا گیا ہے۔

لکڑی پر مہارت

ہمیں یقین ہے کہ لکڑی سے بنائی گئی ایسی بل کھاتی خوبصورت سیڑھیاں شاید ہی آپ نے اس سے پہلے کہیں دیکھی ہوں گی۔ انھیں دیکھ کر آپ اندازہ ہی نہیں کرسکتے کہ سیڑھیوں کے تمام اسٹیپس وَن پِیس میں بنائے گئے ہیں، یا پھر انھیں جوڑا گیا ہے۔

روشنی کا استعمال

سیڑھیوں پر اندھیرا رکھنےکے بجائے انھیں روشن کریں۔ اس طرح نہ صرف پورے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا بلکہ ہرکوئی ان پر چڑھتے وقت بہت اچھا محسوس کرے گا۔ ان کے ساتھ احتیاط سے چُنے گئے فرش اور فانوس کا اضافہ ہو جائے تو کیا ہی بات ہے۔ اس انداز کی سیڑھیاں ان گھروں کے لیے بہترین ہیں جہاں قدرتی روشنی کم آتی ہو۔

ذخیرہ کرنے کی جگہ

سیڑھیاں آپ کے گھر کی کافی جگہ گھیرتی ہیں تو کیوں نہ اس جگہ کا مزید بہتر استعمال کیا جائے۔ خاص طور پر چھوٹے اپارٹمنٹس میں، جہاں جگہ بہت کم ہوتی ہے۔ سیڑھی کے ہر قدم کے نچلے حصے کو ایک شیلف کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ آپ کی کتابیں رکھنے کے بھی کام آ سکتی ہیں۔

تازہ ترین