صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے اجلاس میں 27ویں ترمیم کے معاملے پر بحث ہوئی، پیپلز پارٹی کے کئی سینئر اراکین 27ویں ترمیم کے بیشتر نکات سے مطمئن نہیں ہیں۔
سینئر اراکین نے رائے دی کہ این ایف سی، آرٹیکل 160 شق 3 اے پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے بیشتر اراکین 18ویں ترمیم کے کسی شیڈول میں تبدیلی کے حامی نہیں۔
اجلاس سے پہلے پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کے حصے پر پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے، ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
شازیہ مری نے کہا کہ ایسی کسی تجویز کی حمایت نہیں کر سکتے جس سے صوبوں کے اختیارات واپس لیے جائیں، اگر آئینی ترمیم میں ایسی کوئی چیز ہے جس سے نظام میں بہتری آسکتی ہے تو حمایت کریں گے۔
علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں اسحاق ڈار نے 27ویں آئینی ترمیم پر مشارت کی۔