• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر اور گردونواح میں جشن آزادی منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری، بچوں کاجوش جذبہ دیدنی

سکھر اور گردونواح میں جشن آزادی منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری، بچوں کاجوش جذبہ دیدنی

سکھر+خیر پور (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں وطن عزیز کی آزادی کا جشن منانے کے لئے تیاریوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ مرد و خواتین، بچے و بوڑھے سب ہی جشن آزادی کی تیاریوں میں مصروف عمل ہیں۔ بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کا جوش و جذبہ بھی دیدنی ہے، لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے وطن سے اظہار محبت کرتے ہوئے اپنے گھروں، دکانوں میں قومی پرچم لہرادیے ہیں جبکہ گلی و محلوں میں بھی نوجوانوں کی جانب سے قومی پرچم، جھنڈیاں سمیت دیگر تزئین و آرائش کے سامان سے گلی و محلوں کو سجانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بڑوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے بچے بھی جشن آزادی منانے میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں اور چھوٹے بچوں کی بڑی تعداد اپنے اپنے گھروں کے باہر جھنڈیاں لگانے سمیت دیگر اقدامات کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے جانیوالے اسٹالوں پر شہریوں کی بڑی تعداد صبح سے لیکر رات دیر گئے قومی پرچم، بیجز، جھنڈیاں، قومی پرچم والی شرٹس ودیگر سامان کی خریداری کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا ہے۔ اسٹال لگانے والوں کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے 14 اگست جشن آزادی کا دن نزدیک آتا جارہا ہے ویسے ویسے ہی خریداری بھی تیز ہوتی جارہی ہے۔خیرپور سے نامہ نگار کے مطابق جشن آزادی منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔14اگست کی مرکزی تقریب گورنمنٹ ناز پائلٹ سیکنڈری اسکول گراؤنڈ میں منعقد ہو گی اور ڈپٹی کمشنر عبدالفتاح ہلیو قومی پرچم لہرائیں گے جبکہ جشن آزادی کانفرنس منعقد ہوگی جس سے مقامی دانشور خطاب کریں گے۔ دریں اثناء خیرپور شہر میں متعدد تنظیموں نے جشن آزادی منانے کے شاندار پروگرام بنائے ہیں جبکہ خیرپور کے علاوہ ضلع بھر کی دیگر تحصیلوں کوٹڈیجی ،نارا، فیض گنج ،ٹھری میرواہ ،صوبھوڈیرو ،گمبٹ اور کنگری تحصیلوں میں بھی جشن آزادی کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ تقریبات میں قومی پرچم لہرانے سمیت متعدد رنگا رنگ پروگرام منعقد ہوں گے جن میں جشن آزادی ملاکھڑا ،کرکٹ میچ ، جشن آزادی مشاعرہ،ٹیبلوز ،جشن آزادی تقریری مقابلے اور دیگر تقریبات شامل ہوں گی جبکہ جشن آزادی کے موقع پر شہر کو دلہن کی طرح سجایا جائے گا سرکاری و نجی عمارات پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔

تازہ ترین