کراچی (اسٹاف رپورٹر)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے کہ ابھی تو شہباز شریف کو بھی نیب کے ہاتھ آنا ہے، کراچی کے لوگوں نے عمران خان کو خاموش ووٹ دیکر تبدیلی اورنئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے‘ ملک میں کرپشن زیروہوگی، حسن‘ حسین اور اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعہ واپس لائینگے‘ نوازشریف کی درخواست پرکوئی این آراو نہیں ہوگا‘ نواز شریف کا مستقبل اب آئین و قانون ہے،نئے پاکستان میں بھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے‘عمران نے 25 سال جدوجہد کی اور فضل الرحمن نے 25 سال اقتدار انجوائے کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوکراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا‘شیخ رشید نے مزید کہا ہےکہ کرپشن کے تابوت میں کیلیں لگا دینگے‘ الیکشن کمیشن کے باہر نعرے لگانے والے شوق پورا کرلیں اسکے بعد بھی عمران خان ہی آئینگے‘ کراچی کے خاموش لوگوں نے نیا پاکستان دیا ہے تبدیلی کی بنیاد کراچی نے ڈالی ہے پی ٹی آئی نے 25 فیصد بھی ڈیلیور کردیا تو سمجھیں کامیاب ہوگئے ‘شیخ رشید نے کہاکہ آج عمران خان کی جیت کو نئے نام دئے جارہے ہیں کوئی ایک حلقہ بتایا جائے جہاں گڑبڑ ہوئی ہے‘ابھی شہباز شریف اور شاہد خاقان کے کیسز آنے ہیں احتساب کا عمل قانون کے دائرے میں چلتا ہے تو کسی کو فکر نہیں ہونی چاہئے۔