بریڈفورڈ(محمدرجاسب مغل )پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے رہنما آصف خان نے الیکشن کمیشن پاکستان کے سامنے اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی مظاہرے میں مولانا فضل الرحمٰن کی طرف سے خطاب میں پاک فوج پر الزامات اور دھمکیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو پاکستان تحریک انصاف کی نظریاتی کارکنوں نے انتخابات میں عبرت ناک شکست دے کر ان کی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے۔ فضل الرحمٰن نے ہمیشہ بلیک میلنگ اور ذاتی مفادات کی سیاست کی ، وہ عرصہ دراز سے کشمیر کمیٹی کے سربراہی کی نشست پر براجمان تھے مگر کشمیر کاز پر ان کی کارکردگی صفر رہی ، انہوں نے کہا کہ انتہا یہ ہے کہ ایک طرف تو وہ اپنے صاحبزادے مولانا اسد الرحمٰن کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی بنانے کے لئے تگ و دو کررہے ہیں جب کہ دوسری طرف اپنی شکست کو تسلیم کرنے کی بجائے دھاندلی کا واویلااور پاکستان کے قومی اداروں پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ آصف خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ کسی بھی حلقے میں دھاندلی کی شکایت پر وہ حلقے کھولنے کی حمایت کریں گے۔ آصف خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے عوامی طاقت سے مولانا فضل الرحمٰن ، محمود اچکزئی، اسفندیار ولی اور دیگر سیاسی مافیا کو بے روزگار کرکے پارلیمنٹ سے باہر پھینک دیا ہے۔