اسلام آباد (ایجنسیاں)سیاسی عہدوں پر تقرریاں شروع‘تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا سے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی‘چوہدری محمد سرورکو گورنر پنجاب اورچوہدری پرویزالٰہی کو اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے کیلئے نامزدکردیاہے جبکہ تحریک انصاف کے ترجمان فوادچوہدری نے کہاہے کہ عمران خان18 اگست کووزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ‘ وہ منسٹرانکلیو میں رہائش اختیارکریں گےجس سے ملک میں نئی مثال قائم ہوگی ‘ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے نام کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔پی ٹی آئی کے وائش چیئرمین شاہ محمودقریشی کا کہناہے کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کے امیدوار کا اعلان پارٹی چیئرمین خودکریں گے ‘13اگست کو عمران خان نے حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس بلایا ہے ‘ادھرصدر مملکت ممنون حسین نے نو منتخب وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب کے باعث غیر ملکی دورہ ملتوی کر دیا۔ اس بات کا فیصلہ جمعہ کو یہاں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اجلاس کے بعد بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسد قیصر کے پی کے اسمبلی میں بھی اسپیکر رہے اور تمام روایات سے واقف ہیں‘پنجاب میں تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے‘ چوہدری سرور کو پنجاب کیلئے منتخب کیا کیونکہ وہ پنجاب میں حکومت سازی سے واقف ہیں جبکہ وہ پارلیمانی بورڈ کا حصہ بھی تھے۔ پنجاب میں وزیراعلی کے امیدوار کا اعلان چیئرمین عمران خان کریں گے‘چوہدری پرویز الٰہی کا نام پنجاب کے اسپیکر کےلئے منتخب ہو چکا ہے‘انہوں نے کہا کہ جو بھی پنجاب کا وزیراعلیٰ ہو گا وہ ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 13 اگست کو رات 8 بجے عمران خان نے ایک اجلاس بلایاہے جس میںاتحادی جماعتوں کو بھی مدعو کیا گیاہے‘اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مشاورت بھی ہو گی اور اہم فیصلے بھی کیے جائیں گے‘ اختر مینگل نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں پر حمایت کا فیصلہ کیا جبکہ جی ڈی اے کی قیادت نے بھی حمایت کا اعلان کیا ہے، کچھ آزاد امیدواروں نے بھی ہماری حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم اور شیخ رشید کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی بنیادی مسئلہ ہے جس پر توجہ مرکوز کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا اور فاٹا کے ممبران قومی اسمبلی سے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک رابطہ کرینگے ، سندھ میں عارف علوی اور بلوچستان میں قاسم سوری ممبران سے رابطے کرینگے ۔ پنجاب میں شفقت محمود ، سرور خان ، عامر کیانی اور شاہ محمود قریشی ایم این ایز سے رابطے کرینگے ۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ مغربی پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی سے غلام سرور خان رابطے میں رہیں گے، جنوبی پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی سے رابطے کی ذمہ داری میری ہے۔ عامر کیانی کو شمالی پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی سے رابطے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔دریں اثناءتحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی ، چوہدری سرور کو گورنر پنجاب نامزد کردیا ہے، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اوروزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا‘ عمران خان بطور وزیراعظم 18اگست کو حلف اٹھائیں گے‘وہ وزیر اعظم یا پنجاب ہاؤس کی بجائے منسٹرانکلیومیں رہائش اختیار کریں گے‘حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی۔ وہ جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ عمران خان منسٹر کالونی کے جس گھر میں رہائش اختیار کریں گے اس کی تزئین وآرائش کے اخراجات سرکاری خزانے سے ادا نہیں کئے جائیں گے بلکہ جتنا بھی خرچ آئے گا وہ عمران خان ذاتی جیب سے ادا کریں گے، ملک میں نئی مثال قائم کی جائے گی‘بنی گالہ کے تمام سکیورٹی اخراجات بھی عمران خان خود ادا کرینگے ‘تقریب حلف برداری کیلئے مہمانوں فہرست تیار ہورہی ہے‘ مہمانوں کی تعداد مختصر ہوگی۔ پڑوسی ممالک سے برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں‘ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے نام کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔