بحرین پاکستان اسکول کے فاضل بورڈ آف مینجمنٹ اور انتظامیہ نے طلبہ کی شخصیت سازی کے حوالے سے ہم نصابی اور معاون نصابی سرگرمیوں کا ایک مئوثر نظام الاوقات وضع کیاہے ، ان سرگرمیوں میں حصہ لے کر طلبہ و طالبات میں مثبت مقابلے کا رحجان پروان چڑھتا ہے، جس سے ان میں موجود فطری صلاحیتوں کی نشوو نما ہو تی ہے۔ادارے کے پرنسپل عتیق الرحمٰن نے تمام نصابی سرگرمیوں کے انعقاد کا اہتمام ان سے متعلقہ سوسائیٹیز (لٹریری سوسائٹی، اسلامی سوسائٹی، سائنس سوسائٹی، کلچرل سوسائٹی، سپورٹس سوسائٹی اور آرٹس سوسائٹی)کے زیر اہتمام کیا تاکہ مقابلو ں کا انعقاد احسن طریقے سے ہو سکے۔ بین المدارس اُردو مباحثے کے مہمانِ خصوصی اور صدر منصف ڈاکٹر شعیب نگرامی، اور مہمانِ اعزازی شکیل احمد صبرحدی تھے۔ جو مقامی و عالمی سطح پر اردو کی ترقی کے لئے ہمہ تن مصروف عمل ہیں۔کامیاب طلباء و اساتذہ کی محنت کے اعتراف میں ’’ شکیل ایوارڈ‘‘ کا اجراء بھی کیا گیا۔طلبہ و اساتذہ کو ٹرافیاں، میڈلز، شیلڈز ،اسناد اورگفٹ واوچرزبھی دئیے گئے۔
خرّم عباسی نے معاونت کے فرائض سر انجام دیے۔ مباحثے کی ابتدا میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شکیل احمد نے اُردو مباحثے کے انعقاد کو ایک خوش آئند قدم قرار دیا، ان کے بعد پرنسپل عتیق الرحمٰن نے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس نو عیت کے مقابلے سے ایک طرف طلبہ کے علمی ذوق میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ان میں خود اعتمادی کی صفت بھی پروان چڑھتی ہیں۔ تلاوت اور بحرین و پاکستان کے قومی ترانوں کے بعد پاکستان اسکول کی طالبہ ثناء شاہد نے مباحثے کے قواعد و ضوابط پیش کی،، حصہ لینے والے طلباء و طالبات میں حفصہ اکبر، نورالعین (پاکستان اسکول)۔نعیمہ شاہد، نور تنصیر (ابن الہیثم اسلامک اسکول)۔ ممتاز فاطمہ، ماسٹر سمیر ( نیو انڈین اسکول)، عائشہ حنیف، محمد ہنزلہ ( دی انڈین اسکول ) ،محمد علی معظم، ہارون اکرم ( اُردو اسکول)، اس بین المدارس اُردو مباحثے میں حاضرین کو قرارداد ” ہم زندہ قوم ہیں“ کے حق اور مخالفت میں بڑے قابلِ غور اور کاٹ دار دلائل سننے کو ملے۔ منصفینِ گرامی ڈاکٹر شعیب نگرامی اور جناب کاتب زہیر نے متفقہ فیصلے کے مطابق، پاکستان اسکول سے گیارہوں جماعت کی طالبہ حفصہ اکبر کو اس مباحثے کی فاتح قرار دیا جبکہ اُردو اسکول کے ہارون اکرم نے دوسری اور نیو انڈین اسکول کی ممتاز فاطمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔مباحثے کے منتظم احمد امیر پاشا اور معاون محترمہ فوزیہ اطہر تھیں۔
احمد امیر پاشا.. (بحرین)