پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر اور پرویز خٹک نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑ دیں۔
اسد قیصر اور پرویز خٹک قومی اسمبلی کی نشستوں کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی جیتے ہیں، اسد قیصرنے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 18 اور پی کے 44 جبکہ پرویز خٹک این اے 25 اور پی کے 61 اور پی کے 64 سے کامیابی حاصل کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اسپیکر کے امیدوار اسد قیصر اور سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑ دی ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق عمران خان کی جانب سے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کیا گیا ہے اور وہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ دور حکومت میں صوبائی اسمبلی کے اسپیکر تھے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کو وفاقی وزیر داخلہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب عمران خان کے قریبی ساتھی عاطف خان نے خیبرپختونخوا میں محمود خان کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی کا عمران خان کا فیصلہ تسلیم کرلیاہے۔
عاطف خان کے قریبی رشتے دار اور سابق سینئر وزیر شہرام ترکئی نے جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور محمود خان سے کل میری اور عاطف خان کی ملاقات ہوئی ہے، ہماری پرویز خٹک سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔