سرگودھا (نمائندہ جنگ )ملک کے مختلف بڑے شہروں میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے ذیلی کیمپسز میں ایگزٹ کمپنی کی طرز جعلی ڈگریوں کے اجراء کا انکشاف ہوا ہے ۔قومی احتساب بیورو نے ذیلی کیمپسز سے حاصل ہونے والے دستاویزی شواہد اکٹھے کر لئے ہیں جبکہ ابتدائی تحقیقات میں یونیورسٹی انتظامیہ اور سابق وائس چانسلراکرم چوہدری ،سابق رجسٹرار مدثر کامران کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد بھی حاصل کرلئے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سابق وائس چانسلر کیخلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا ۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کی آڈٹ رپورٹ اور نیب میں جاری تحقیقات کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا کے پرائیویٹ کیمپسز میں مالی و انتظامی بے ضابطگیوں کے علاوہ جعلی ڈگریوں کے اس گھناؤنے کاروبار میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اکرم چوہدری اور فرنٹ مین سابق رجسٹرار مدثر کامران براہ راست ملوث رہے ۔