کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے ایم سی جشن آزادی باسکٹ بال ٹورنامنٹ قائد اعظم الیون نے جیت لیا۔ فائنل میں علامہ اقبال الیون کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فائنل تقریب کے مہمان خصوصی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن تھے انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی باسکٹ بال کے حوالے سے انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرائے گی، وہ ادارے اور افراد جو کھیلوں میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ آگے آئیں اور شہر میں کھیل و ثقافت کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ہاتھ بٹائیں، ہماری کوشش ہوگی کہ کراچی میں جدید سہولیات سے آراستہ باسکٹ بال کے لئے جگہ فراہم کی جائے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے زیر انتظام باسکٹ بال کورٹس کو اپ گریڈ کرے گی۔ فائنل کے ریفری کے فرائض پروفیسر ظفر اقبال، عامر شریف اور طارق حسین نے انجام دیئے۔ اس موقع پر خورشید شاہ، عبدالناصر، غلام محمد خان، ایم نسیم اور دیگر موجود تھے۔