• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیوایم کو حکومت میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دی، عمران اسماعیل

تحریک انصاف کے رہنما اورنامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی نےایم کیوایم کو آج وفاقی حکومت میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دی ہے۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں رہنماؤں سے ملاقات کے بعد عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم سے کراچی پیکیج پر بات کرواور ہم پیکیج کو مکمل کرنے کے مراحل میں ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کےلیے وفاقی حکومت کام کرے گی ، جتنی بھی اسکیمیں فیڈرل سے کراچی کے لیے آئیں گی مل کر نگرانی کریںگے اور اس کا آڈٹ بھی ہوگا تاکہ ٹرانسپیرنسی رہے۔

عمران اسماعیل نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے مفاہمت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مراد علی شاہ کو آج پیشکش کی ہے کہ میں صوبے اور وفاق کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گا تاہم پی پی سے صرف ورکنگ ریلیشن شپ تک بات ہوسکتی ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ کسی نے جرم کیا توعدالتوں میں پیش کیا جائے، یہ حکومت کی ذمہ داری ہےاور اختلافی معاملات سے گریز کرکے پاکستان کی ترقی کی بات کریں گے۔

تازہ ترین