پشاور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور نامزد وزیر اعظم عمران خان کی خالی کردہ بنوں کی نشست پر جمعیت علمائے اسلام(ف) کے قائد مولانا فضل الرحمان ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے جس کا حتمی اعلان مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد کیا جائیگا ۔ اکرم خان درانی کا کہنا ہے کہ اگر وہ قومی اسمبلی کی نشست جیتتے اور پارٹی قائد پارلیمنٹ سے باہر ہوتے تو وہ ان کیلئےاپنی نشست خالی کر دیتے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25جولائی کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر کامیا حا بی صل کی تھی جن میں انہوں نے چار حلقے خالی کردئیے ، ان میں قومی اسمبلی کا ایک حلقہ این اے35بنوں بھی ہے جہاں عمران خان نے جے یو آئی کے امیدوار اور سابق وفاقی وزیر محمد اکرم خان درانی کو شکست دی چنانچہ اب عمران خان کی جانب سے مذکورہ حلقہ خالی کرنے کے بعدجے یو آئی نے ضمنی انتخابات میں پارٹی قائد مولانا فضل الرحمان کو اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں اکرم خان درانی نے پشاورمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بنوں ضمنی انتخابات میں مولانا فضل الرحمان حصہ لیں گے جس کا باضابطہ اعلان پارٹی کی مجلس عاملہ اجلاس کے بعد کیا جائیگا، انہوں نے کہاکہ اگر وہ مذکورہ نشست عمران خان سے جیتتے اور مولانا فضل الرحمان پارلیمنٹ سے باہر ہوتے تو وہ پارٹی قائد کیلئے حلقہ خالی کردیتے۔