• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و خوشحال پاکستان بنا کر دم لیں گے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و خوشحال پاکستان بنا کر دم لیں گے، قوم عہد کرے کہ ہمارے بڑوں نے جن عظیم مقاصد کی خاطر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیااور ہجرت کی ،ہم ان مقاصد کو حاصل کرکے رہیں گے ۔قیام پاکستان کیلئے ہمارے بڑوں نے انسانی تاریخ کی عظیم ترین قربانیاں پیش کیں۔پاکستان کروڑوں مسلمانوں کی جدوجہد اور لاکھوںمسلمانوںکی شہادتوں کاثمرہے ۔قیام پاکستان کا مقصد لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی حکمرانی تھی ۔ پاکستان محض جغرافیہ نہیں ، ہمارا نظریہ اورایمان ہے ۔ پاکستان کی خاطر جینا افضل جہاد اور پاکستان کی خاطر مرنا شہادت ہے ۔پاکستان قیامت تک قائم و دائم رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہا کہ پا کستان کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ میں ہے ۔ہمیں کسی دوسرے نظام کی ضرورت نہیں ۔حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے71سال گزرنے کے بعد بھی ملک میں غربت ،جہالت ،بے روز گاری بدامنی ہے ۔ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو ایک اسلامی و فلاحی پاکستان دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خلافت کا نظام نا صرف پاکستان بلکہ پوری انسانیت کیلئے ماڈل نظام حکومت ہے ۔ یوم آزادی کے موقع پر ہم عزم کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو قائد اعظم ؒکے وژن اور علامہ اقبال ؒ کے خوابوں کی سرزمین بنائیں گے اورملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم یہ بھی عہد کرتے ہیں کہ ہم ملک سے رنگ و نسل کی لکیریں مٹا کر اور فرقوں کے تعصبات کو ختم کرکے قومی یکجہتی اور اتحاد کے ذریعے پاکستان کو امن کا گہوارہ اور ترقی و خوشحالی کا مرکز بنائیں گے ۔پاکستان کو کلین اور گرین بنائیںگے ، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے دشمنوں کو خبردار کرتے ہیں کہ ہمارے سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ملک و قوم کے تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی صدارت میں مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال پر بحث کے بعد ایک قرار داد منظور کی گئی جس میں 2018ءکے انتخابات کو غیر شفاف ،غیر جانبدارانہ اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا گیاکہ وسیع اختیارات اور 20ارب روپے کے بھاری بجٹ کے باوجو د الیکشن کمیشن مکمل ناکام رہاہے۔مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس الیکشن کمیشن سے وضاحت مانگنے میں حق بجانب ہے کہ وہ بتائے کہ آر ٹی ایس کیوں ناکام ہو ا یاکس نے کن مقاصد کے تحت اسے ناکام بنایا ؟ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی انتخابی نتائج پر دیگر جماعتوں سےمل کر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی۔ ہم ٹربیونلز ،الیکشن کمیشن اور عدلیہ کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔ہم سمجھتے ہیںکہ اب عمران خان او ر پی ٹی آئی کے امتحان کا وقت آگیا ہے ۔ اب ان کی کارکردگی بیانات نہیں عمل کے ترازو میں تولی جائے گی ۔جماعت اسلامی اگرچہ پاکستانی عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے اور انجینئرڈانتخابی نتائج کے خلاف جدوجہد کے لیے متحدہ اپوزیشن کاحصہ ہے اور احتجاج میں حصہ لیں گے۔ تاہم سیکولر اور لبرل ایجنڈے کو ناکام بنانے ، آئین پاکستان کی اسلامی دفعات اور ختم نبوت و ناموس رسالت کے قوانین او ر آئینی شقوں کے تحفظ اور سود کے خاتمے کے لیے ہم نہ صرف اپنی جماعت اور دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے بلکہ تمام دینی و مذہبی قوتوں کے ساتھ مل کر بھی بھرپور جدوجہد کریں گے۔ برسراقتدار حکومت کے ساتھ جہاں ہم نیکی و تقویٰ اور قومی سلامتی کے کاموں پر تائید و تعاون کریں گے وہیں برائی اور بے حیائی و فحاشی کے ہر کام کی ڈٹ کر مخالفت کریں گے۔جماعت اسلامی پاکستان ایک مرتبہ پھر اعلان کرتی ہے کہ کرپشن فری پاکستان کے قیام اور احتساب سب کا کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ او ر ہم پانامہ لیکس میں شامل 436کرپٹ عناصر کے بلاامتیاز ،منصفانہ اور بے لاگ احتساب او ر لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے لیے نیب اور عدلیہ کے دروازوں پر دستک دینے کے علاوہ کرپشن کے خلاف قوانین کی اصلاح اور پارلیمنٹ کے اندر و باہر احتجاج کاراستہ اختیار کریں گے۔
تازہ ترین