• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بجلی کی بتدریج بحالی کا آغاز ہوگیا ہے تاہم شہر کے بیشتر حصے میں اب بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے،ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی کی جلد مکمل بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

گزشتہ شب جام شورو سے کراچی ، جام شورو سے حبکو اور پورٹ قاسم سمیت 5 ٹرانسمیشن لائنیں بارش کی وجہ سے ٹرپ کر گئیں ، حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کے 13اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل رہی ۔ بلوچستان کے بیشتر شہروں میں بھی بجلی غائب رہی تاہم 8 گھنٹے بعد حیدرآباد کے علاقوں میں بجلی بحال ہونے لگی۔

بجلی کےبریک ڈاون کےبعدکراچی کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، گلستان جوہر، عزیزآباد، عائشہ منزل، فیڈرل بی ایریا، صدر، لیاری، اولڈ سٹی ایریا ، پی ای سی ایچ ایس، گارڈن ایسٹ، پنجاب چورنگی، ڈیفنس، کورنگی، ملیر کے متعدد علاقوں میں بجلی بحال ہو گئی ہے تاہم اب بھی بعض علاقوں میں بجلی غائب ہے۔

کراچی کے علاقوں شاہ فیصل، سرجانی، بفرزون، قائد آباد ، ناظم آباد، نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن میں بجلی بحال نہ ہوسکی۔

بریک ڈاون گزشتہ رات ساڑھے دس بجے ہوا تھا۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ای ایچ ٹی ٹرپنگ کےباعث شہرمیں بجلی معطل ہوئی، شہر میں بجلی کی بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے،

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کا لنک بحال ہوگیا ہے۔ کے الیکٹرک کےسسٹم میں بجلی کی سپلائی بتدریج بڑھائی جائے گی،گیارہ اگست کو بھی شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔

بریک ڈاؤن سے دھابیجی، گھارو،پپری پمپنگ اسٹیشن بھی متاثرہوئے اور کراچی میں پانی کی فراہمی بھی معطل ہے۔

تازہ ترین