• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نصف صدی کا انتظار ختم، ایشین گیمز فٹ بال میں پاکستان کو فتح مل گئی

 کراچی (اسٹاف رپورٹر)نصف صدی کا انتظار ختم ہوگیا۔ اسٹرائیکر محمد بلال اور کپتان صدام حسین کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے نیپال کو 2-1 کی شکست دیکر 44سال بعد ایشین گیمز میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ نیپال کو دیا جانے والا گول پاکستانی کھلاڑی شہباز یونس کی غلطی سے ہوا جسے اون گول قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ناک آئوٹ مرحلے میں بھی پہچنے کے امکانات کو روشن کرلیا۔ اس سے قبل کھیلے گئے دو میچوں میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ پاکستانی ٹیم کے ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچنے کا فیصلہ پیر کے روز کھیلے جانے والے میچز کے بعد ہوگا جس میں تیسرے نمبر کی چار ٹیموں کی اگلے رائونڈ میں پہنچنے کی پوزیشن کلیئر ہوگی۔ ناک آئوٹ مرحلے کا آغاز 23 اگست سے ہوگا۔ بیسکاکی کے پیٹریاٹ فٹ بال اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلے گئے میچ کا آغاز سنسنی خیز تھا۔ کھیل کے 12ویں منٹ میں پاکستان کے شہباز یونس نے اون گول کر کے نیپال کو برتری دلائی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر نیپال کو 1-0 کی برتری حاصل رہی۔ دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی پاکستانی ٹیم نے مخالف ٹیم پر حملے کئے۔ بالاخر 54ویں منٹ میں اسٹرائیکر محمد بلال نے خوبصورت گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ 72ویں منٹ میں کپتان صدام حسین نے پنالٹی کک پر گول کر کے اپنی ٹیم کی 2-1 کردی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔ ایشین گیمز میں 44 سال بعد میچ جیتے کو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ فیصل صالح حیات نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی ٹیم اجتماعی کارکردگی کا حصہ ہے۔ تین سال بعد پاکستان نے کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں حصہ لیا ہے۔ اتنے بڑے عرصے بعد کسی بھی ایونٹ میں حصہ لینے والی دنیا کی بڑی بڑی ٹیمیں شکست کھا جاتی ہیں لیکن ہماری ٹیم نے دو میچز کے بعد ہی بڑی اور ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کرکے اس بات کا نشاندہی کردی ہے کہ ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو ہی میرٹ کے ذریعے منتخب کیا گیا۔

تازہ ترین