• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سدھو سپرلیگ اور آئی پی ایل چیمپئنز میں میچ کرانے کے خواہاں

لاہور ( جنگ نیوز ) سابق بھارتی کرکٹر اور ممبرپارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھو امن اورمحبت کا پیغام دے کر بھارت واپس لوٹ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی چیمپئن ٹیموں کے درمیان میچ اچھا آئیڈیا ہے، دوستی کی بنیاد رکھ کر جارہا ہوں، امید ہے کہ اس پر عمارت کھڑی ہوجائے۔وہ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر پاکستان آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے اپنی خوبصورت گفتگو بزلہ سنجی سے پاکستانیوں کےدل جیت لیے،لیکن واہگہ بارڈر کے اس پار سدھو کے اس جذبہ خیر سگالی کو سراہے جانے کے بجائے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انتہا پسند بھارتی ان کے خلاف ہوگئے اور ان کی پاکستان میں موجودگی کے دوران مظاہرے شروع کردیے۔ ادھر اتوار کو وطن پہنچنے پر سدھو کا استقبال سیاہ جھنڈے لہرا کر کیا گیا ۔ان کے پتلے بھی نذر آتش کیے گئے ۔ اس موقع پر انہوں نے ناقدین کو جواب دیا کہ نفرت کی آگ کو ٹھنڈا ہونا چاہیے۔ خیال رہے کہ تقریب حلف برداری کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ جتنی محبت لے کرآیا تھا ایک دن میں اس سے سوگنا زیادہ لے کر جارہا ہوں۔ پاکستانیوں کی محبت تاحیات یاد رہے گی۔ واپس جا کر پاکستان سپر لیگ اور انڈین پریمیئر لیگ چیمپئنز کے درمیان مقابلے کی تجویز پیش کروں گا۔

تازہ ترین