سنسناٹی (جنگ نیوز ) سربیا کے نوواک جوکووچ نے سوئس اسٹار راجر فیڈرر کو ہراکر سِنسناٹی ماسٹرز ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ سربین اسٹار نے کیریئر میں پہلی بار سنسناٹی ماسٹرز ٹرافی جیتی ہے ۔ وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے عالمی سرکٹ کے تمام نو ماسٹرز ٹائٹل کم از کم ایک بار ضرور اپنے نام کیے ہیں۔ سِنسناٹی ماسٹرزکے فیصلہ کن معرکے میں جوکووچ نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے 6-4 اور 6-4سے فتح سمیٹی ۔ راجر فیڈرر نے اپنے کیریئر کا 150واں فائنل کھیلا اور اگر وہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو جاتے تو یہ ان کا 99واں ٹائٹل ہونا تھا۔ وہ سات مرتبہ سنسناٹی ماسٹرز ٹائٹل حاصل کرچکے ہیں۔ خواتین فائنل میں عالمی نمبر ایک سیمونا ہالیپ کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی کیکی برٹنز نے 2-6، 7-6(8-6) اور 6-2 سے زیر کرلیا۔ رومانیہ کی ہالیپ نے گذشتہ ہفتے ہی مانٹریال ٹائٹل حاصل کیا تھا، وہ فائنل میں شکست سے قبل مسلسل نو میچز جیت چکی تھیں۔ یہ برٹنز کے کیریئر کا سب سے بڑا اور مجموعی طور پر چھٹا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل ہے۔