• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹھٹھہ ، صفائی کے ناقص انتظامات، شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

ٹھٹھہ(نامہ نگار) عید قربان کے موقع پر بلدیہ ٹھٹھہ کی جانب سے اب تک ٹھٹھہ شہر کی صفائی کے لیے کوئی بھی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں، کافی عرصہ سے صفائی نہ ہونے کے باعث شہر کے تمام رہائشی اور تجارتی مراکز میں گندگی کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں جس کے باعث گلی گلی میں تعفن پھیل رہا ہے، جبکہ کچرے انبار پر کھانے کی تلاش میں آوارہ کتوں کے جمع ہونے کے باعث سگ گزیدگی کے واقعات میں بھی حالیہ دنوں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر ابلنے کے باعث سڑکیں جوہڑ کا منظر پیش کر رہی ہیں، سڑکوں پر جمع گندے پانی کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں اور اس میں مچھروں کی افزائش ہو رہی ہے، مچھروں میں اضافے کے باعث لوگ ملیریا میں مبتلا ہو رہے ہیں تاہم اب تک اسپرے مہم کا بھی آغاز نہیں کیا گیا جبکہ شاہی بازار سمیت دیگر علاقوں میں واقع مین ہو لز کے ڈھکنے بھی غائب ہیں، ڈھکنوں کی تنصیب نہ ہونے کے باعث تاحال متعدد حادثات رونما ہوچکے ہیں جبکہ دوسری جانب شاہی بازار میں قائم غیر قانونی تجاوزات، ٹھیلوں اور پتھاروں کے باعث خریداری کے لیے آنے والے لوگوں کو بھی سخت مشکلات پیش آ رہی ہیں، دریں اثنا سول سوسائٹی اور شہریوں نے بلدیہ ٹھٹھہ کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ ٹھٹھہ کی کارکردگی صفر ہے، اس کے اپنے دفتر کے عین سامنے بھی کچرے کے انبار لگے پڑے ہیں، لیکن کوئی ٹھکانے لگانے والا نہیں ہے، صفائی کی ابتر صورتحال کے باعث عوام اذیت سے دوچار ہیں، انہوں نے کہا کہ صفائی کا عملہ اگر کئی ماہ سے کچرا ہی نہیں اٹھا پا رہا تو عید قرباں کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں کیسے ٹھکانے لگائے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عید سے قبل ہنگامی بنیادوں پر شہر کی صفائی کے اقدامات کیے جائیں۔
تازہ ترین