مسلم لیگ ن کے صدرمحمد شہبازشریف اور ترجمان مریم اورنگزیب نے ممتاز بھارتی صحافی کلدیپ نیر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ کلدیپ نے تناؤ کے شدید ادوار میں بھی امن کی شمع جلائے رکھی۔
صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نےاپنےایک بیان میں کہاکہ کلدیپ نیر مستقبل پر گہری نگاہ رکھنے والے ممتاز صحافی تھے،ان کےانتقال سےجنوبی ایشیا میں امن کی کوششوں کیلئےبڑا خلا پیدا ہو گا۔
شہبازشریف نےکہا کہ کلدیپ نیرنے تمام عمر امن اور جمہوریت کےلئےکام کیا ، امن کے لئےکلدیپ کی کاوشوں کو سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا،وہ مثبت سوچ کے حامل ایک پیشہ ور صحافی تھے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کلدیپ نیر مثبت سوچ کے حامل تھے، جنوبی ایشیا میں امن کےحوالےسےان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،ان کی صحافت کو امن اور مثبت تبدیلیوں کیلئےاستعمال کیا جا سکتا ہے۔