دنیا میں اچھائی ہمیشہ بُرائی پر غالب آجاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ کئی لوگ اپنی زندگی میں اپنی سکت کے مطابق، اچھے کاموں میں ضرور ہاتھ بٹاتے ہیں۔ اور یہی کام جب مشہور شخصیات یعنی سلیبرٹیز کرتی ہیں، تو ناصرف ان کی نیک نامی میں کئی گنا اضافہ ہوتا ہے بلکہ ان کے اچھے کاموں سے دیگر کئی لوگ بھی متاثر ہوکر سماجی اور انسانی خدمات کی طرف آتے ہیں۔ آج ذکر کچھ ایسی ہی بالی ووڈ سلیبرٹیز کا۔
عامر خان کی ’پانی فاؤنڈیشن‘
عامر خان کی ‘پانی فاؤنڈیشن‘ نامی تنظیم اس وقت بھارتی ریاست مہاراشٹر سمیت بھارت کی دیگر ریاستوں کے دیہی علاقوں میں صاف پانی فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ اس تنظیم کو عامر خان اور ان کی اہلیہ نے 2016میں بنایا تھا۔ ’پانی فاؤنڈیشن‘ کے تحت عامر خان ہر سال ’واٹر کپ‘ کے نام سے ان تمام گاؤں کے درمیان مقابلہ بھی منعقد کرواتے ہیں، جہاں یہ فاؤنڈیشن کام کررہی ہے۔ اس مقابلے میں، پانی سے جڑے مسائل کو سُلجھانے کے لیے جو گاؤں سب سے اچھا کام کرتا ہے، اسے اس کپ کا حقدار ٹھہرایا جاتا ہے۔ اس مقابلے کا مقصد لوگوں میں پانی کےمتعلق بیداری پیدا کرنا ہے۔عامر خان کی اس کوشش میں بھارتی ریاست مہاراشٹر کی حکومت بھی ان کا ساتھ دے رہی ہے۔
شاہ رخ خان ’کرسٹل ایوارڈ‘ کے حق دار
شاہ رخ خان ’میر فاؤنڈیشن‘ کے نام سے فلاحی ادارہ چلا رہے ہیں، جو تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی خواتین کو علاج معالجے کی سہولتیں اور قانونی معاونت بالکل مفت فراہم کرتا ہے۔ رواں سال جنوری میں سوئٹزرلینڈکے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس ہوا، جس میں خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی مختلف شخصیات کو کرسٹل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ عالمی اقتصادی فورم میں بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کو بھارت میں بچوں اور خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے جبکہ ہالی ووڈ اداکارہ کیٹ بلانچٹ کو پناہ گزینوں کے حق میں مہم چلانے اور موسیقار جان ایلٹن کو ایڈز کے خلاف کام کرنے کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔
’سلمان خان‘ خدمت خلق کا دوسرا نام
سلمان خان اپنی بلاک بسٹر فلموں کے حوالے سے تو پہچانے ہی جاتے ہیں تاہم وہ اپنی این جی او ’بیئنگ ہیومن‘ کے ذریعے سماجی خدمات کے شعبے میں جو کام کررہے ہیں، وہ ان کی فلموں سے کہیں زیادہ بڑا ہے۔ اس سے حاصل ہونے والی تمام تر آمدنی وہ غریبوں، ضرورت مندوں اور علاج معالجے کےاخراجات برداشت نہ کرسکنے والے افراد میں تقسیم کرتے ہیں۔’ بیئنگ ہیومن‘ نے ریاست مہاراشٹرا اور اس کے باہر کئی دیہات کو بھی اپنایا ہوا ہے۔ یہ تنظیم بھارت بھر میں غریب بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے بھی کوشاں رہتی ہے۔ سلمان خان شاندار پینٹر (مصور) بھی ہیں، اُن کی بنائی ہوئی کئی تصاویر کی نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدنی فلاحی کاموں پر خرچ کی جاتی ہے۔
پریانکا چوپڑہ کیلئے مدرٹریسا میموریل ایوارڈ
نامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اپنی اداکاری کے علاوہ سماجی خدمات اور پناہ گزینوں کی مدد کرنے کے حوالے سے بھی ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف (یونائیٹڈ نیشن چلڈرن ایمرجنسی فنڈ)کی اعزازی سفیر بھی ہیں۔ پریانکا کو دیگر سماجی خدمات اور شامی پناہ گزین بچوں کی مدد کرنے کے صلے میں مدرٹریسا میموریل ایوارڈ سے نوازاجا چکاہے۔
پریانکا چوپڑا کے علاوہ مدرٹریسا میموریل ایوارڈ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی، عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس بانو ایدھی، بھارت سے کرن بیدی، اناہزارے اور سشمیتا سین بھی حاصل کرچکی ہیں۔