نیو ہیون (نیوز ایجنسیز) بیلاروس کی ایرینا سیبالینکا نے نیو ہیون اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگل ٹائٹل اپنے نام کر لیا، انہوں نے کیریئر میں پہلی مرتبہ ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ فائنل میں ایرینا سیبالینکا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپین کی تجربہ کار کارلا سوریز نوارو کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-1اور 6-4 سے ہرا دیا۔ دریں اثنا ویمنز ڈبلز ایونٹ کے فائنل میں باربرا اسٹرائیکووا اور ہلاواکووا پر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی نے سیگمونڈ اور ایچ سائی کو ہرا کر ٹائٹل حاصل کیا۔ ادھر روسی کھلاڑی ڈینیل میڈویوڈف نے ونسٹن سلم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔ امریکا میں منعقدہ ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں ڈینیل میڈویوڈفنے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف امریکن کھلاڑی اسٹیو جانسن کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے زیر کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایونٹ میں مینز ڈبلز کا معرکہ جین جولین راجر اور ہوریا ٹیکوا کے نام رہا۔ فائنل میں ہالینڈ کے جین جولین راجر اور ان کے رومانوی جوڑی دار ہوریا ٹیکوا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کے لینڈر پیس اور ان کے امریکن جوڑی دار جیمی کو 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر ٹائٹل حاصل کیا۔