چکوال، گوجر خان(نمائندہ جنگ، صباح نیوز) گوجر خان میں مندرہ چکوال روڈ پر کار زیر تعمیر پل سے ٹکرا نے کی نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5افراد جاں بحق اور4زخمی ہوگئے۔راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان میں مندرہ چکوال روڈ پر تیز رفتار کار زیر تعمیر پل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں میاں بیوی اور تین بیٹیاں شامل ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ عمران، 25سالہ عظمت بی بی اور2 بچیاں شامل ہیں جن کی عمریں 5 اور 6 سال بتائی جاتی ہے، جبکہ ایک کمسن بچی ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی۔ حادثے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کو راولپنڈی منتقل کردیاگیا، ریسکیو ذرائع حادثے کا شکار ہونے والے خاندان کا تعلق تلہ گنگ سے ہےریسکیو ذرائع کے مطابق تیز رفتار کار چکوال سے اسلام آباد جا رہی تھی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گوجر خان ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ نے حکام کو زخمیوں کے علاج کی ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔