• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمان کی صدر مملکت کے انتخاب کی حمایت کیلئے آصف علی زرداری سے ملاقات، کوئی حتمی جواب نہیں ملا

اسلام آباد (جنگ نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے صدر مملکت کے انتخاب کیلئے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار کیلئے آصف علی زرداری سے ملاقات کی تاہم آصف زرداری نے انہیں کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے اس حوالے سے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان اوردیگر اکابرین زرداری ہاؤس تشریف لائے، سابق صدر نے مولانا فضل الرحمان کا مؤقف سن لیا ہے تاہم حتمی فیصلہ آج پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہوگا۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کی درخواست کو رکھا جائے گا اور صدارتی انتخاب سے متعلق فیصلہ ہوگا۔ فرحت اللہ بابر نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے اپنے لیے حمایت مانگی، آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو کہا کہ اس وقت وہ ان کی حمایت کی پوزیشن میں نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے اعتزاز احسن کو دستبردار کروانے کی درخواست کی، فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سوا ساری اپوزیشن جماعتیں میرے ساتھ ہیں، اعتزاز احسن کے نام پر اتفاق رائےکیلئے خلوص نیت سے کام کیا لیکن اعتزاز احسن کے نام پر اپوزیشن میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔

تازہ ترین