• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے تبدیلی کے نعروں کی گونج ’آزربائجان‘ میں


پاکستان کےنو منتخب وزیر اعظم عمران خان کے تبدیلی کے نعرے پاکستان بھر میں تو مشہور ہیں ہی لیکن اب بیرون ملک بھی تبدیلی کے گانے بے حد شوق سے سنے جارہے ہیں۔ آزربائجان کے شہر ’’باکو‘‘ میں مقامی ٹیکسی ڈرائیورز بھی عمران خان کے تبدیلی کے گانے کے شوقین نکلے۔

گھومنے کی غرض سے آزربائجان جانے والے ایک پاکستانی جوڑے نے باکو شہر میں مقامی ٹیکسی ڈرائیورز کو عمران خان کا ’’تبدیلی‘‘ گانا سنتے دیکھا۔ جس پر پاکستانی شہری سلمان رضا نے مقامی ٹیکسی ڈرائیور زسے اس گانے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے بتایا کہ ’وہ اس گانے کے بارے میں زیادہ کچھ تو نہیں جانتےلیکن یہ گانا انہوں نے اس لیے لگایا ہے کیونکہ یہ آج کل باکو سمیت پورے آزربائجان میں بہت زیادہ پاپولر ہے اور ہر کوئی اس گانےکو بہت پسند کر رہا ہے۔ ‘

سلمان رضا اور ان کی اہلیہ فروہ سلمان نے بتایا کہ وہ اپنے ہوٹل سے باہر نکلے تو انہیں تبدیلی گانے کی آواز سنائی دی، جس پر وہ تھوڑا آگے بڑھے تو معلوم ہوا کہ یہ گانا وہیں کے مقامی ڈرائیورز نے اپنی ٹیکسی میں چلایا ہوا ہے۔

فروہ سلمان نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے یہ گانا سنا تو پہلے انہیں ایسا گمان ہوا کہ یہ گانا کسی پاکستانی ڈرائیور نے لگایا ہوا ہے لیکن جب انہوں نے ٹیکسی ڈرائیورز سے بات کی تو معلوم ہوا کہ ان کا تعلق پاکستان سے نہیں بلکہ وہ آزربائجان کے ہی رہائشی ہیں۔

پاکستان کے تعلق رکھنے والے شہری سلمان رضانے بتایا کہ جب انہیں معلوم ہوا یہ وہیں کے رہائشی ہیں اور اس گانے کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تو انہوں نے انہیں اس گانے سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ گانا پاکستان کی ایک سیاسی جماعت ’پاکستان تحریک انصاف‘ کا ہے اور اس پارٹی کے چیئرمین عمران خان اب پاکستان کے نئے وزیر اعظم ہیں۔

انہوں نے ڈرائیورز کو اس گانے کا مطلب بھی سمجھایا جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں آنے والی مثبت تبدیلی پر بہت خوش ہیں اور وہ عمران خان کی کامیابی اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں۔

تازہ ترین