• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ایک ایسا اعزاز ہے، جو کسی بھی فنکار کوزندگی میں غیر معمولی کارگردگی دکھانےیا طویل کیریئرکے دوران ان گنت خدمات سرانجام دینے کے اعتراف میں مختلف آرگنائزیشن یا مقبول ایوارڈز تقریبات میں خصوصی اعزازکے طور پر دیا جاتاہے۔ لازمی نہیں ہے کہ ہر اداکار یا فنکار اس ایوارڈ کا حق دار ہو۔ یہ ایوارڈ انڈسٹری کے ان فنکاروں کو دیا جاتا ہے جن کی تعریف اگر یوں کی جائے تو بے جا نہ ہوگا،’’فن ایسا کہ جس نے فنکارکو بام عروج تک پہنچا دیا۔ ادا ،ایسی کہ دل موہ لے۔ 

شخصیت ایسی کہ دیکھنے والے مسحور ہو جائیں۔ جب بھی جلوہ گر ہوں، یاد گار پرفارمنس دیں‘‘۔ آج ہم بالی ووڈ اور ہالی ووڈ انڈسٹری کے کچھ ایسے ہی اداکاروںاور ان کے فلمی کیریئرکی مختصر تاریخ قارئین کے ساتھ شیئر کرنے جارہےہیں، جنھیں ان کے طویل کیریئر اور غیر معمولی کارکردگی کی بدولت لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈسے نوازا گیا۔

امیتابھ بچن

امیتابھ وہ پہلے بالی ووڈ اداکار ہیں، جنھیں1991ء میں فلم فیئر کےلائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازاگیا۔ فلم فیئر آج بھی بھارتی فلمی انڈسٹری کا سب سے بڑا اعزاز مانا جاتا ہے۔ بالی ووڈانڈسٹری سے تعلق رکھنے والی جمالیاتی اور تکنیکی شخصیات کی بہترین کارکردگیوں کو سراہنے کے لیے سالانہ بنیادوں پر فلم فیئر ایوارڈ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔70کی دہائی میں شہرت کی بلندیوں کو چھو لینے والے امیتابھ بچن جنھیں ’بگ بی‘ کےنام سے بھی جانا جاتا ہے، تقریباً 180 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ مشہور فلمیں :نمک حرام، ڈان، امر اکبر اینتھونی، دیوار، کالیا، کبھی کبھی، قسمیں وعدے، مسٹر نٹور لال، کالا پتھر، رام بلرام، لاوارث، شکتی، قلی، خدا گواہ، بڑے میاں چھوٹے میاں، لال بادشاہ، ہندوستان کی قسم، بابل، آنکھیں، محبتیں، باغبان، بلیک اور خاکی جیسی فلمیں دنیا بھر میں امیتابھ بچن کی شہرت کی وجہ بنیں ۔

ریکھا

1966ء میں چائلڈ اسٹار کی حیثیت سےفلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی بالی ووڈ کی سدا بہار اداکارہ ریکھانے بھارتی فلم انڈسٹری کو ایک سے بڑھ کر ایک کامیاب فلمیں دیں۔ امراؤ جان ادا میں ریکھا کی اداکاری ہویا امیتابھ بچن کے ساتھ ریکھا کی سپر ہٹ جوڑ ی، ریکھا کے مداحوں پر جادو سا کرگئی۔

مشہور فلمیں :بالی ووڈ فلم نگری کے لیے بے مثال خدمات انجام دینے والی ریکھا نےامراؤ جان ادا،خون بھری مانگ، کھلاڑیوں کا کھلاڑی، گھر، مقدر کا سکندر، جدائی، جیون دھارا، سلسلہ، مجھے انصاف چاہیے، پھول بنے انگارے اور لجا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے نہ صرف لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بلکہ لاتعداد ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

جیکی چن

2016ء میںاداکاری کے منفرد انداز کے مالک اور مارشل آرٹ ایکسپرٹ جیکی چن کو لاتعداد فلموں میں غیر معمولی کارگردگی دکھانے کے اعتراف میں موشن پکچر آرٹ اینڈ سائنس کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ آسکر ایوارڈسے نوازا گیا۔ 8سال کی عمر میںفلم انڈسٹری میں داخل ہونے والے جیکی چن 200سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔مشہور فلمیں:جیکی چن کی مشہور فلموں میں دا ینگ ماسٹر، ڈریگن لارڈ،فاربیڈن کنگڈم ،گورجیس ،شنگھائی نائٹس ،رش آور 2اور پولیس اسٹوری جیسی مشہور فلمیں شامل ہیں۔

ہیمامالنی

ہیما مالنی کو نہ صرف بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ہونے کا اعزاز ہے بلکہ وہ ماضی کی صفِ اول کی اداکارہ کے طور پر بھی انڈسٹری میں چھائی رہیں۔ آج بھی وہ ڈریم گرل کہلاتی ہیں اور اپنے مداحوں کے دلوں پر راج کرتی ہیں۔1999ءمیں بالی ووڈ ڈریم گرل کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز سے نوازاگیا۔

کامیاب فلمیں:ان کی کامیاب فلموں میں جونی میرا نام، انداز، لال پتھر، سیتا اور گیتا، سنیاسی، شعلے، راجہ رانی، پتھر اور پائل، خوشبو، ویر زارا اور باغبان شامل ہیں۔ یہی نہیں، ہیما مالنی کے مداح جانتے ہیں کہ مدھر دھنوں پر ان جیسا رقص کوئی دوسری اداکارہ نہیں کر سکتی۔

ایڈی مرفی

ہالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار’ ایڈی مرفی ‘بھی لائف ٹائم اچیومنٹ ایورڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔ ایڈی مرفی کو یہ اعزاز 2016ء میں امریکی ریاست کیلی فورنیا میں 20ویں ہالی ووڈ فلم ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں دیا گیا۔

جارج کلونی

گزشتہ ماہ ہالی ووڈ سپر سٹاراورڈھلتی عمر کے اداکاروں کی فہرست میں سب سے پُر وقار جارج کلونی کو ’دی امریکن فلم انسٹی ٹیوٹ‘ نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔مشہور فلمیں :جارج کلونی کی مشہور فلموں میں گریوٹی،اوشن الیون،بیٹمین اینڈ روبن،اَپ اِن دا ایئر شامل ہیں ۔

تازہ ترین