برطانوی ماڈل اور فیشن ڈیزائنرکیتھرین این موس، برطانوی فیشن ماڈلنگ کی آئی کون مانی جاتی ہیں۔ انھوں نے اپنے بےباک اورمنفرد انداز سے فیشن اور اسٹائل کی دنیا میں ایسے رنگ بھرے کہ آج بھی ان کا رنگ سب سے تیکھا اور سپر ماڈلز کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کے ملبوسات کا ڈیزائن ہو یا ریمپ پر واک ،وہ ہر طرح سے پرُکشش خواتین کی سدابہار ماڈل پرسنلٹی کے درجے پر فائز ہیں۔ 16 جنوری1974ء میں لندن میں پیدا ہونے والی کیٹ موس نے1988ء میں فیشن کی دنیا میں قدم رکھ کر اپنے چہرے اور اسٹائل سینس سے ایسی دھاک بٹھائی کہ آج 30برس بعد بھی ان کے چرچے کم نہیں ہوئے۔
انہیں برطانوی فیشن آئیکون کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اس عمر میں بھی کیٹ موس کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔ اب انہوں نے انٹیریئر ڈیزائنر کے طور پر بھی اپنا نام بنا لیا ہے،جس کا ثبوت ان کا لندن میں واقع گھر ہے۔انگلش وال پیپر ہاؤس ڈی گورنے کے اشتراک سے لیجنڈری ماڈل کیٹ موس کا لندن میں تعمیر شدہ گھر ان کے فنی ذوق کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ صرف فیشن سینس ہی نہیں بلکہ گھر کو دیدہ زیب بنانے کا ہنر بھی جانتی ہیں۔
ان کا یہ گھر ان کے ذوق اور شائستگی کی اعلیٰ مثال اور اس بات کی نفی ہے کہ خوبصورت اداکاراؤں کا دھیان صرف میک اَپ اور لباس پر ہوتا ہے۔ راتوں کو جاگنے والی کیٹ موس کے ماسٹرباتھ روم کے خوابیدہ سرمئی رنگ کے وال پیپر ان کی رات کو جاگنے کی عادت کی طرف خوب اشارہ کرتے ہیں۔ وہ شب کو اپنی زندگی کا بہترین وقت قرار دیتی ہیں جب چودھویں کی رات ہو ،سرمئی بادلوں کا سماں ہو،چہار سو خامشی کا راج ہو،ایسے ماحول میں انھیں بہت سکون ملتا ہے۔یہی رنگ سیاہ و سفید شیڈز میں ان کے لندن میں واقع گھر میں بھی نمایاں ہے، جسے دیکھ کر آپ بھی سحر زدہ ہوکر رات کے رنگ میں رنگ جائیں گے۔ان کے گھر میں چہار سو نوادرات،تصاویراور مجسمے موجود ہیں،جن کے ساتھ ان کی دلچسپی بھی سوا ہے۔آئیے ان کے گھر اور پہناوے کے ذوق کا پتہ انہی کی زبانی جانتے ہیں۔
ماں بیٹی کی چاہت
ماریو ٹیسٹینو کا پورٹریٹ مجھے اور میری بیٹی کو بہت بھاتا ہے،جسے میں نے اپنے باتھ روم میں آویزاں کر رکھا ہے۔
کتابیں اور مصوری
یہ کافی ٹیبل کتابیں میں نے جمع کی ہیں۔دیوار پر آویزاں پینٹنگ مجھے جیک چیپ من نے شادی کے تحفے کے طور پر دی، ساتھ ہی اپنی نادر پینٹنگ ’’ہیل‘‘ بھی تحفے کے طور پر مجھے عنایت کی۔ کتابوں اور مصوری سے مجھے بہت لگاؤ ہے۔
ہینڈ بیگز
میری الماری ہر قسم کے ہینڈ بیگز سے سجی رہتی ہے،جن میں بلیک ونٹیج،بلیک ڈے ٹائم، بلینگ جو زیادہ تر شام کو رکھتی ہوں،چینل،کلرفل ڈے ٹائم،اور سادہ کلچز شامل ہیں۔ویسے زیادہ تر میرے ہاتھ میںکلاسک لوئس ووٹن باؤلنگ بیگ ہوتا ہے۔
کولرج کا بیڈ روم
معروف رومانوی شاعر سیموئل ٹیلرکولرج بھی ان کے گھر آکر قیام کرتے اور یہیں شاعری کرتے تھے۔ ان کابیڈ روم آج بھی اسی حالت میں موجود ہے۔وسیع بیڈ کم سامان اوردیوار پر آویزاں مصوری کا فن پارہ اس بیڈ روم کو شاعرانہ حسن عطا کرتا ہے۔
باغبانی سے لگاؤ
میں باغبانی بھی کرتی ہوں۔ یہ میرا وہ شوق ہے جسے میں فطرت کے ساتھ ہم آہنگ رہنے اور خود کو مصنوعی دنیا سے دور رکھنے کے لیے کرتی ہوں،کیوں کہ میراہمیشہ سے ماننا رہا ہے کہ جس دن آپ نے فطرت کو تیاگ دیا ،فطرت آپ سے جدا ہوجائے گی۔
شوز کلیکشن
میرے وارڈروب میں سب سے نمایاں میرا شوز کلیکشن ہے ،جس میں زیادہ تر باریک میٹ بلیک لیدر سلیٹوز ہیں،جنہیں پہن کرآرام دہ محسوس کرتی ہوں۔اسی طرح اونچی ایڑی کے جوتے بھی اچھے لگتے ہیں۔شوز کے بارے میں میرا نظریہ ہے کہ پہننے،چلنے میں آرام دہ شوز کو اولیت دینی چاہیے۔
سن گلاسز کلیکشن
میرا شو کیس بھی مختلف برانڈز کےسن گلاسز سے بھرا ہوا ہے جنہیں موسم اور شوٹنگ ایونٹ کی مناسبت سے پہنتی ہوں۔مجھے 70 اور80کی دہائیوں میں پہنے جانے والے سن گلاسز اچھے لگتے ہیں۔
قدیم و جدید رنگ بھانا
مجھے سرمئی و خاکستری اور سیاہ و سفید رنگ بھاتے ہیں اور یہی دھیما رات کا ٹھہرا ہوا رنگ آپ کو میرے کمروں کی اندرونی آرائش میں نمایاں نظرآئے گا۔سفید موتی کے پھول ہوں یا رات کی رانی، ان کی مہک مجھے اچھی لگتی ہے اس لیے آپ کو میرے کمروں میں آویزاں وال پیپرز میں سفید رنگ کے بیل بوٹے واضح دکھائی دیں گے۔
انٹریئر ڈیزائن کا جنون
اپنے گھر کی اندرونی آرائش کا مجھے ہمیشہ سے جنون رہا ہے۔کیونکہ ماحول کی خوبصورتی اور دبازت آپ کے ذہن و دل پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ اس لیے آپ نے دیکھا ہوگا کہ اچھے ماحول سے آپ کی اپنی طبیعت میں بھی تروتازگی پیدا ہوجاتی ہے۔اس لیے سلیقہ شعار بننے کے لیے اپنے گھر کی زیبائش بہت ضروری ہے۔