وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران اور ہمارے چیلنجز مشترکہ ہیں،خطے کی سیکورٹی اور امن کےلئے مل کر کام کریں گے۔
ایران اور پاکستان کے وزراءئے خارجہ کی ملاقات میں جواد ظریف نے خطے کی سیکورٹی اور امن کےلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔
ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملاقات کا مقصد صرف امن ،استحکام اور خوشحالی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اورایران کے درمیان باہمی اور کثیر القومی تعاون موجود ہے ،دونوں ہمسائیہ ممالک ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں مسائل کے حل کےلئے بات چیت ہوئی ،آگے بڑھنے کےلئے خیالات کا تبادلہ ہوا جو دونوں ممالک کےلئے اہم ہے۔
جواد ظریف کا کہناتھاکہ پاکستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے،ہمارے اسلام آباد سے اچھے تعلقات ہیں،خطے کی سیکورٹی کےلئے مل کر کام کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کے حوالے سے کہا کہ جواد ظریف نئی منتخب حکومت کےاقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی مہمان ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ دفتر خارجہ کا دورہ کیا اور دو طرفہ امور پر جامع بات چیت کی۔