اوکاڑہ(نمائندہ جنگ ،صباح نیوز) سابق اپوزیشن لیڈرا ور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سید خورشید شاہ نے کہا ہےکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو عمران خان چاہتے ہوئے بھی ختم نہیں کر سکتے ، ملک کے مفاد میں پی ٹی آئی کی حکومت جو بھی نیا قانون بنانا چاہے یا کسی قانون میں تبدیلی کر نا چاہے ،کھلے دل سے پارلیمنٹ میں تعاون کریں گے، عمران خان کی سادگی مہم اور بچت مہم کو پسند کرتے ہیں لیکن موجودہ حالات میں بلدیاتی نظام کی تبدیلی اور نئے بلدیاتی الیکشن میں30سے 35ارب روپے خرچ ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار وہ پیپلز پارٹی ضلع اوکاڑہ کے صدر و سابق پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سجادالحسن کی رہائشگاہ پران کے بھائی چوہدری احسن کے انتقال پر اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوراان کررہے تھے ۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ صدارتی الیکشن لڑنا ہر شخص اور سیاسی پارٹی کابنیادی حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان10 ارب درخت لگانا چاہتے ہیں، اس کے لئے جگہ بھی درکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی ہسپتال پر چھاپہ کوئی مجسٹریٹ بھی مار سکتا تھا ۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے سے غریب سے زیادتی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میںتمام حلقوں میں مشاورت سے امیدوارلائیں گے۔